27 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

کووڈ – 19 کے خلاف لڑائی میں تقریباً 2000 این سی سی کیڈٹس کو تعینات کیا گیا ہے

Urdu News

نئی دلّی: نیشنل کیڈٹ کور ( این سی سی ) کے رضا کار کیڈٹس یکم اپریل ، 2020 ء سے کورونا وائرس ( کووڈ – 19 ) کی وباء سے لڑائی میں  ایکسرسائز ” این سی سی یوگدان ” کے تحت شہری  ، دفاع اور پولیس  کے عملے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر شہری انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں ۔  تقریباً 2000 کیڈٹس  پہلے ہی  12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں  میں کام کر رہے ہیں  ، جن میں سب سے زیادہ 306 کیڈٹس تمل ناڈو میں مختلف  فرائض  کی انجام دہی کے لئے تعینات کئے گئے ہیں ۔ ان کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔

          ایسے میں ، جب کہ لاک ڈاؤن مسلسل جاری ہے ، زیادہ سے زیادہ ریاستیں مختلف کاموں کے لئے  این سی سی کے کیڈٹس  کو طلب کر رہی ہیں ۔  این سی سی  کا صدر دفتر ڈائریکٹوریٹ  جنرل ، اس کار خیر کے لئے  اپنی خدمات پیش کرنے والے رضا کاروں کی تعداد کی نگرانی کر رہا ہے ۔ اب تک تقریباً  5000 کیڈٹس نے ” ایکسرسائز این سی سی یوگدان ” میں تعاون کے لئے  اپنی خدمات پیش کی ہیں ۔

          ان خدمات کے لئے 18 سال کی عمر سے زیادہ کے رضا کار این سی سی کیڈٹس  سینئر  ڈویژن  سے ( لڑکوں کے لئے ) اور سیئر ونگ  (لڑکیوں کے لئے ) سے لئے جا رہے ہیں ۔ یہ کیڈٹس رضا کارانہ طور پر ، ان خدمات کے لئے  خود کو پیش  کر رہے ہیں ۔  اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ ان کیڈٹس  کو تعینات کرنے سے پہلے ، انہیں اچھی طرح تربیت  دی جائے اور پوری طرح آگاہ کیا جائے  ۔

          ریاستی مشینری اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ تمام کیڈٹس  کو ، ان  کے تحفظ کے تمام سامان ، جیسے ماسک ، دستانے وغیرہ فراہم کئے جائیں ۔ ان کیڈٹس کی سکیورٹی  اور تحفظ  کو یقینی بنانے کے لئے  انہیں افسران ، جونیئر  کمیشنڈ افسران ، پی آئی عملے اور این سی سی کے اے این او کی نگرانی میں تعینات کیا جا رہا ہے ۔ انہیں ایسے علاقوں میں تعینات نہیں کیا جا رہا ہے ، جو سیل کئے گئے ہیں یا  متعلقہ ریاستی حکومتوں کے ذریعہ  ان علاقوں کو ” ہاٹ اسپاٹ ” قرار دیا گیا ہے ۔

          کیڈٹس کو مختلف کاموں میں ، جیسے  ٹریفک بندوبست ، سپلائی چین  کے بندوبست ، خوردنی اشیاء  کی تیاری اور پیکنگ  ، خوراک  اور ضروری اشیاء  کی تقسیم ، لوگوں  کی قطاروں کو درست کرانا ، ایک دوسرے  سے فاصلہ ( سوشل ڈسٹینسنگ ) ،  کنٹرول مراکز  اور سی سی ٹی وی کنٹرول روم وغیرہ کی نگرانی  کے لئے  تعینات کیا جا رہا ہے ۔ اس کے علاوہ ، این سی سی کیڈٹس عوام کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم  ، جیسے ٹوئیٹر  ، انسٹا گرام  اور وہاٹس ایپ  وغیرہ پر  پیغام  بھیج  کر کووڈ – 19 کے بارے میں بیداری پیدا   کرنے کا کام بھی  کر رہے ہیں  ۔

          این سی سی ایک بار پھر  ، جب ملک کو اس کی ضرورت  ہے ،  اپنی مکمل صلاحیت کے  ساتھ آگے آئی ہے  ۔ آج اس میں تقریباً  14 لاکھ نوجوان شامل ہیں اور  29 ریاستوں اور 9  مرکز کے  زیر انتظام  علاقوں  پر محیط  ، اس کے 17 ڈائریکٹوریٹ  کے ساتھ  پورے ملک  میں اس کی رسائی ہے ۔  ان ڈائریکٹوریٹس کو مزید  99 گروپوں اور 826 یونٹوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور اس طرح یہ تمام ریاستوں کے تمام اضلاع میں دستیاب  ہے ۔ اب  چونکہ مختلف  ضلع صدر دفاتر  کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ نقل و حمل اور  سپلائی کے بندوبست کے لئے  کیڈٹس  کا استعمال  کریں ، ضلع انتظامیہ این سی سی ڈائریکٹوریٹس  سے رجوع کرکے ان کی مدد طلب  کر رہے ہیں ۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More