23 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

میزورم چکما خود مختار کونسل کے سربراہ نے ڈی او این آر کے وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ سے ملاقات کی

Urdu News

نئی دہلی، چکما خود مختار ضلع کونسل (سی اے ڈی سی) کے چیف ایگزیکیٹو جناب شانتی جیبن چکما نے  آج یہاں شمال مشرقی ریاستوں کی ترقی کے وزیر مملکت(آزادانہ چارج) وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ، عملے، عوامی شکایات اور پنشن ، ایٹمی توانائی اور خلاء کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ سے ملاقات کی اور چکما طبقے کی ترقیات نیز اس کی سماجی اقتصادی تشویشات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

بات چیت کے ایجنڈے میں سرحدی علاقہ ترقیاتی پروگرام (بی اے ڈی پی) اور چکما کونسل کا یہ مطالبہ بھی شامل تھا کہ اسے وزارت داخلہ کی بی اے ڈی پی کے تحت مختلف اسکیموں کی منصوبہ بندی اور عمل آوری میں شامل کیا جائے۔چکما خود مختار ترقیاتی کونسل مغرب میں بنگلہ دیش متصل بین الاقوامی سرحد اور جنوب میں میانمار سے متعلق بین الاقوامی سرحد پر واقع ہیں ،جس کی وجہ سے اس کی کلیدی اہمیت بہت زیادہ ہے اور اس پر خصوصی توجہ کی ضرورت رہتی ہے۔

جناب شانتی جیبن نے ڈاکٹر جتندر سنگھ کو اپنے اس پرانے مطالبے سے بھی واقف کرایا کہ قومی راجدھانی نئی دہلی میں ایک چکما ہاؤس قائم کیا جائے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے درخواست کی کہ چکما ہاؤس کے استعمال کے لئے ایک سرکاری عمارت الاٹ کی جائے۔

چکما کونسل کے سربرا ہ نے ڈاکٹر جتندر سنگھ کو ایک میمورنڈم بھی پیش کیا جس میں اور باتوں کے علاوہ آئین کی چھٹی شق میں ترمیم کا مطالبہ کیا گیا ہے، تاکہ کونسل کو اور زیادہ انتظامیہ اختیارات اور مالی امداد فراہم کی جاسکے۔ ایک اور مسئلہ ان بہت سے ٹیچروں کے متعلق تھا جنہیں وقتاً فوقتاً مقررہ تنخواہ کی بنیاد بھرتی کیا جاتا ہے۔ میمورنڈم میں یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان ٹیچروں کی تنخواہوں پر نظر ثانی کی جائے۔

جناب شانتی جیبن چکما نے ڈاکٹر جتندر سنگھ کو کمالا نگر کی جدید کاری کے لئے مالی امداد سے متعلق کاغذات بھی فراہم کئے۔

ڈاکٹر جتندر سنگھ نے چکما کونسل کے سربراہ اور ان کی ٹیم کی طرف سے اٹھائے جانے والے مسائل کو سنا۔ انہوں نے کہا کہ کیونکہ ان میں سے زیادہ تر معاملات کا تعلق براہ راست ڈی او این ای آر وزارت سے نہیں ہے، اس لئے وہ ان مسائل کو وزارت داخلہ ، نیتی آیوگ اور میزورم کی ریاستی سرکار کے ساتھ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More