34 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

قدرتی آفات سے نمٹنے سے متعلق قومی اتھارٹی (این ڈی ایم اے) ہریانہ میں زلزلے سے متعلق فرضی مشق کا اہتمام کرے گی

Urdu News

نئی دہلی، قدرتی آفات سے نمٹنے سے متعلق قومی اتھارٹی (این ڈی ایم اے) آئندہ 21 دسمبر 2017 کو ہریانہ میں زلزلے سے متعلق ریاستی سطح کی ایک فرضی مشق کا اہتمام کرے گی۔ اس فرضی مشق کا اہتمام ہریانہ کی قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے ریاستی اتھارٹی (ایچ ایس ڈی ایم اے) کے اشتراک سے کیا جارہا ہے۔ یہ زلزلے سے متعلق ریاستی سطح کی پہلی فرضی مشق ہے جس میں ریاست کے تمام اضلاع کو شامل کیا گیا ہے۔ اس فرضی مشق سے زلزلہ سمیت کسی بھی طرح کی قدرتی آفت کی صورت میں تیاری اور جوابی میکنزم کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

اس فرضی مشق سے قبل کل چنڈی گڑھ میں واقع اسٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر میں ایک تعارفی کانفرنس کا انعقاد عمل میں  آیا۔ اس کانفرنس میں متعلقہ افسران بشمول ریاست کے ایڈیشنل چیف سکریٹری، داخلہ سکریٹری، آمدنی سکریٹری، ڈائرکٹر جنرل کے علاوہ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس، لائن ڈائرکٹوریٹس کے سربراہان، آرمی کی مغربی کمانڈ اور جنوب مغربی کمانڈ، سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور قدرتی آفات سے نمٹنے  والی قومی فورس (این ڈی آر ایف) کے نمائندگان نے شرکت کی۔ علاوہ زیں دیگر اضلاع کے حکام نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ اس کانفرنس میں شرکت کی۔

اس فرضی مشق میں مرحلہ وار طریقے سے درج ذیل سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا:

انیس  دسمبر 2017 کو کو آرڈی نیشن کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، 20 دسمبر کو ٹیبل ٹاپ مشق کا اہتمام کیا جائے گا، جبکہ 21 دسمبر 2017 کو فرضی مشق کا انعقاد کیا جائے گا۔فرضی مشق کے بعد تفتیش برائے حصول معلومات سے متعلق ایک  تفصیلی اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں قدرتی آفات کی صورتحال میں تیاری کو بہتر  بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اس فرضی مشق کا اہتمام حادثے کے جوابی نظام (آئی آر ایس) کے اصول پر کیا جائے گا جس کے تحت شراکت داروں کی تشخیص کی جاتی ہے اور ہر ایک شراکت دار کے کرداروں اور ان کی ذمہ داریوں کا قطعی تعین کیا جاتا ہے۔ اس عمل سے قدرتی آفات سے نمٹنے سے متعلق تیاریوں میں یقیناً مدد ملے گی۔ اس کے مطابق این ڈی  ایم اے یکم دسمبر تا 15 دسمبر 2017 کے دوران آئی آر ایس پر ریاستی افسران کےلئے خطہ وار تربیت کا بھی اہتمام کررہی ہے۔

اس فرضی مشق کے ذریعہ متعدد شراکت داروں اور ایجنسیوں کے درمیان تال میل کو بڑھانے کے علاوہ بہتر معلومات کے تبادلے کویقینی بنانے میں ضرور مدد فراہم ہوگی۔ علاوہ ازیں اس سے مقامی آبادی کے درمیان بھی زلزلے کے دوران اور زلزلے کے بعد کیا کرنا چاہئے اور کیا نہیں کرنا چاہیے، اس بارے میں بیداری آئے گی۔ این ڈی ایم اے  مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اب تک متعدد قدرتی آفات کی صورتحال سے نمٹنے کےلئے 60 سے زائد ایسی فرضی مشقوں کا انعقاد کرچکی ہے تاکہ متعدد قدرتی آفتوں کی صورتحال میں جوابی کارروائی اور تیاری کو بہتر بنایا جاسکے۔

Related posts

Leave a Comment

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More