37 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

ریل کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی خاطر بھارت اور اے ڈی بی کے درمیان 120 ملین ڈالر کے قرض کے سمجھوتے پر دستخط

Urdu News

نئی دہلی، حکومت ہند اور ایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈی بی) نے ریلوے لائنوں کو دوہرا کرنے اور زیادہ بھیڑ بھاڑ والی راہداریوں میں ریلوے لائنوں کی بجلی کاری کی غرض سے 120 ملین ڈالر کے قرض کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں، تاکہ بھارتی ریلوے کے کام کرنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنایا جاسکے۔

قرض کی یہ تیسری قسط 500 ملین ڈالر کے کئی قسطوں والے قرض کا ایک حصہ ہے، جو 2011 ء میں اے ڈی بی کے بورڈ نے ریلوے سیکٹر میں سرمایہ کاری پروگرام کی سہولت کے لئے منظور کیا تھا۔ اس قرض کی رقم اس سے پہلے کی قسطوں کے دوران شروع کئے گئے کاموں کو پورا کرنے پر خرچ کی جائے گی۔

وزارت خزانہ میں اقتصادی امور کے محکمے کے جوائنٹ سیکریٹری (کثیر جہتی ادارے) جناب سمیر کمار کھرے نے حکومت ہند کی جانب سے ، جبکہ اے ڈی بی کے بھارتی ریزیڈنٹ مشن کے کنٹری ڈائریکٹر جناب کینیچی یوکویاما نے اے ڈی بی کی جانب سے قرض کے معاہدے پر دستخط کئے۔

معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد جناب کھرے نے کہا کہ اس پروجیکٹ کا مقصد ملک میں اہم راستوں پر ریلوے لائنوں کو دوہرا کرنے، بجلی کاری  کرنے اور سگنل کے جدید نظام کو متعارف کرانے کے لئے استعمال کیا جائے گا، تاکہ ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی صلاحیت میں اضافہ ہوسکے۔ یہ پروگرام ایک کم توانائی والے ، محفوظ اور بھروسے مند ریلوے نظام تیار کرنے میں مدد دے گا اور تمام روٹس پر سفر کے وقت کو کم کرنے اور مالی اعتبار سے مؤثر بنانے میں مددگار ہوگا۔

جناب یوکو یاما نے کہا کہ قرض کی تیسری قسط کے فنڈ سے تقریباً840 کلو میٹر طویل ریلوے لائن کو دوہرا کرنے اور زیادہ مصروف راہداریوں پر  640 کلو میٹرریلوے لائنوں کی برق کاری کرنے میں مدد ملے گی۔یہ پروگرام اکاؤنٹنگ کے نئے نظام نافذ کرنے اور گاڑیوں کے ٹکرانے سے بچاؤ کے آلات سمیت اضافی تحفظ کے اقدامات نافذ کرنے میں مدد کرے گا۔

سرمایہ کاری کے اس پروگرام کا مقصد ’’سنہری کواڈریلیٹرل‘‘ راہداری سمیت ، جو چنئی، کولکاتہ، ممبئی اور دہلی کو جوڑتا ہے ، مال برداری اور مسافروں کی آمدو رفت کی مصروف راہداریوں جیسے چھتیس گڑھ، اڈیشہ، مہاراشٹر، کرناٹک اور آندھرا پردیش میں ریل خدمات کو بہتر بنانا ہے۔ ریلوے لائن کو دوہرا کرنے کا کام ڈاؤنڈ-تیتل گڑھ سیکشن، سمبل پور-تیتل گڑھ سیکشن، رائے پور-تیتل گڑھ سیکشن اور ہاسپیٹ-تینائی گھاٹ سیکشن پر کیا جارہا ہے، جبکہ ریلوے لائن کی بجلی کاری کا کام 641 کلو میٹر طویل پونے-واڈی گنتاکل سیکشن پر کیا جارہا ہے۔

اے ڈی بی کا قرض 20 سال کی مدت کے لئے ہے، جس میں 5 سال کا گریس پیریڈ بھی شامل ہے۔ اس پر سالانہ شرح سود اے ڈی بی کی لندن انٹر بینک کی شرح (ایل آئی بی او آر) کی بنیاد پر ہوگا ، جبکہ 0.15 فیصد سالانہ چارج ہوگا۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More