21 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

دلّی میں نارتھ ایسٹرن کلچرل اینڈ انفارمیشن سینٹر قائم کیا جائے گا: ڈاکٹر جتیندر سنگھ

Urdu News

نئی دہلی، شمال مشرقی خطے کی ترقی کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج)، وزیر اعظم کے دفتر، عملے، عوامی شکایات اور پنشن، ایٹمی توانائی اور خلا کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا ہے کہ دلّی میں جلد ہی نارتھ ایسٹرن کلچرل اینڈ انفارمیشن سینٹر قائم کیا جائے گا۔ آج یہاں وہ میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ یہ شمال مشرقی ہند کے لوگوں کو ایک نیا تحفہ ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت کے ذریعے شمال مشرق کو جو ترجیح دی جارہی ہے اسی کے سلسلے میں یہ اقدام کیا جائے گا۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ دلّی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے) نے اس شمال مشرقی ثقافتی مرکز کی تعمیر کے مقصد سے شمال مشرقی کونسل (این ای سی) کو تقریبا چھ کروڑ روپئے کی لاگت میں سیکٹر 13، دوارکا نئی دلّی میں 5341.75 مربع میٹر(1.32 ایکڑ) زمین مختص کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ سینٹردلّی میں شمال مشرقی خطے کے ایک ثقافتی اور معلوماتی مرکز کے طور پر کام کرے گا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اس سینٹر کی تعمیر بین الاقوامی معیارات کے مطابق کی جائے گی۔ اس میں ایک لائبریری –کم –ریڈنگ روم  ہوگا جس میں شمال مشرقی خطے سے متعلق مواد دستیاب ہوگا اور شمال مشرق سے متعلق ایک آرٹ گیلری بھی ہوگی۔ اس پروجیکٹ کے ایک دو سال کے اندر مکمل ہوجانے کی توقع ہے اور اس پر تقریبا پچاس–پچپن کروڑ روپئے کی لاگت آئے گی۔

حکومت کے دیگر اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے شمال مشرقی خطے کی ترقی کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ان کی وزارت نے ایسے نوجوان اسٹارٹ اپس اور صنعت کاروں کے لیے سرمایے کا ایک  فنڈ بھی تیار کیا ہے جو شمال مشرقی خطے میں صنعت شروع کرنے کے خواہش مند ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) میں زیر تعلیم شمال مشرقی خطے کے طلبا کی بڑی تعداد کے پیش نظر جولائی 2017 میں جے این یو میں شمال مشرقی طلبا کے رہنے کے لیے براک ہاسٹل کی تعمیر کے واسطے سنگ بنیاد رکھا گیا۔ اسی طرح خصوصی طور پر شمال مشرق کی طالبات کے لیے ایک ہاسٹل کی تعمیر کے واسطے بینگلورو یونیورسٹی میں جون 2016 میں سنگ بنیاد رکھا گیا تھا۔ اس کے علاوہ شمال مشرقی خطے کی پیداوار کو فروغ دینے کے لیے دلّی ہارٹ میں چار مستقل اسٹال قائم کیے گئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ راجیو گاندھی انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (آر جی آئی آئی ایم)، شیلانگ میں ’’ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام سینٹر فار پالیسی ریسرچ اینڈ اینالیسس‘‘ رسمی طور پر شروع ہوگیا ہے۔

شمال مشرقی خطے کی ترقی کی وزارت کے جوائنٹ سکریٹری جناب ایس این پردھان نے کہا کہ یہ شمال مشرقی ثقافتی مرکز شمال مشرق سے متعلق ثقافتی اور  اجتماعی کاموں کے لیے ایک مرکز کے طور پر کام کرے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ فنون اور ثقافت کے مظاہرے کے لیے ایک شاندار قومی مرکز ہوگا۔

Related posts

Leave a Comment

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More