32 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

تمام ریاستوں کے حج کوٹہ میں اضافہ

Urdu News

نئی دہلی، 10 مارچ / سعودی عرب کی حکومت کے ذریعہ ہندستان کے سالانہ حج کوٹہ میں کئے گئے اضافہ سے تمام ریاستوں کو فائدہ پہنچا ہے کیونکہ ان ریاستوں کے حج 2017 کے کوٹے میں نمایاں طور پر اضافہ کیا گیا ہے۔ ریاستوں کا حج کوٹہ 9 مارچ 2017 کو جاری کیا گیا تھا اور قرعہ اندازی کے ذریعہ عازمین کے انتخاب کا عمل 14 مارچ سے شروع ہوگا۔

سعودی عرب نے ہندستان کے سالانہ حج کوٹہ میں 34،005 کا اضافہ کیا ہے۔ ہندستان اور سعودی عرب کے درمیان اس سلسلہ میں باہمی سالانہ حج معاہدہ پر دستخط کرکے یہ فیصلہ کیا گیا۔ 11 جنوری 2017 کو جدہ میں اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مملکت ( آزاد انہ چارج) جناب مختار عباس نقوی اور سعودی عرب کے حج اور عمرہ کے وزیر ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر نے اس معاہدہ پر دستخط کئے۔ گزشتہ کئی سالوں کے بعد ہندستان کے حاجیوں کے کوٹے میں یہ ایک بہت بڑا اضافہ ہے۔

خیال رہے کہ حج 2016 کے دوران حج کمیٹی آف انڈیا کی معرفت ملک بھر کے 21 ایمبارکیشن مقامات سے تقریباً 99903 عازمین سعودی عرب پہنچے۔ ان کے علاوہ پرائیوٹ ٹور آپریٹروں کے ذریعہ تقریباً 36 ہزار عازمین حج سعودی عرب گئے۔ حج 2017 کے لئے ہندستان سے کل ایک لاکھ 70 ہزار 25 عازمین حج کا فریِضہ ادا کریں گے۔ جن میں سے ایک لاکھ 25 ہزار 25 عازمین حج کمیٹی آف انڈیا کی معرفت مقدس سفر پر روانہ ہوں گے جبکہ 45 ہزار عازمین پرائیوٹ ٹور آپریٹروں کے ذریعہ حج پر جائیں گے۔

حج کوٹے میں اضافے سے تمام ریاستوں کو فائدہ ملا ہے۔ گجرات کا حج کوٹہ جو 2016 میں 7044 تھا ، اسے بڑھا کر اب 2017 میں 10 ہزار 887 کردیا گیا ہے ۔ اترپردیش کے کوٹہ 29،017 میں اضافہ کرکے 21 ہزار 828 کردیا گیا ہے۔ ہریانہ کا کوٹہ 1343 کردیا گیا ہے جبکہ گزشتہ سال یہ کوٹہ 1011 تھا۔ جموں و کشمیر کے کوٹہ6359 میں اضافہ کرکے اب اسے 7960 کردیا گیا ہے۔ کرناٹک کا کوٹہ بڑھا کر 5951 کردیا گیا ہے جبکہ گزشتہ سال یہ کوٹہ 4477 تھا۔

مہاراشٹر سے اس سال 9780 عازمین حج کے مقدس سفر پر روانہ ہوں گے۔ جبکہ گزشتہ سال مہاراشٹر کے عازمین کے حج کی یہ تعداد 7357 تھی۔ تمل ناڈو کا کوٹہ 2399 سے بڑھا کر 3189 کردیا گیا ہے۔ اسی طرح مغربی بنگال کا کوٹہ 8905 سے بڑھا کر 9940 ، تلنگانہ کا 2532 سے بڑھا کر 3367 ، راجستھان کا 3525 سے بڑھا کر 4686 کردیا گیا ہے۔ مدھیہ پردیش کا یہ کوٹہ 2708 سے بڑھا کر 3599 ، دہلی کا 1224 سےبڑھاکر 1628 ، آندھراپردیش کا 2052 سے بڑھا کر 2728 جبکہ جھارکھنڈ کا کوٹہ 2719 سے بڑھاکر 3306 کردیا گیا ہے۔

حج 2017 کے لئے کل 4 لاکھ 48 ہزار 268 درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ سب سے زیادہ درخواستیں کیرالہ سے (950236) اس کے بعد مہاراشٹر سے (57246) ، گجرات سے (57225)، اترپردیش سے (51375)، جموں و کشمیر سے (35217)، مدھیہ پردیش سے (24875)، کرناٹک سے (23514) اور تلنگانہ سے (20635) وصول ہوئی ہیں۔

حج کے عمل کو ڈجیٹل بنانے سے متعلق وزیر موصوف کی کوششوں کو زبردست کا میاب ملی ہے۔ کل ایک لاکھ 29 ہزار 196 درخواستیں آن لائن بھیجی گئی ہیں ۔ آن لائن بھیجی جانے والی درخواستوں کی سب سے زیادہ تعدا د کیرالہ سے (34783)، اس کے بعد مہاراشٹر سے (24627) اترپردیش سے (10215) ، گجرات سے (10071) ، جموں و کشمیر سے (8227) اور راجستھان سے (8091) ہے۔

پہلی بار حج درخواستوں کے عمل کو ڈجیٹل کیا گیا ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کا موبائل ایپ 2 جنوری 2017 کو لانچ کیا گیا تھا۔ مرکزی حکومت نے حج 2017 کےلئے آن لائن درخواستوں کی حوصلہ افزائی کی تھی تاکہ لوگوں کو حج سے متعلق معلومات پوری شفافیت اور اطمینان سے مل سکیں۔ دسمبر میں حج کی ایک نئی ویب سائٹ بھی لانچ کی گئی ہے۔

اقلیتی امور کی وزارت اور حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2017 کی تیاریاں بہت پہلے سے شروع کردی ہیں تاکہ عازمین کے لئے آئندہ حج کے عمل کو مکمل طور پر آسان بنایا جاسکے۔ 2011 کی مردم شماری کے مطابق آبادی کے اعتبار سے ریاستوں کو حج کوٹہ الاٹ کردیا گیا اور اس میں پوری شفافیت برتی گئی ہے۔

Related posts

10 comments

Leave a Comment

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More