24 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

بھارت اپنے اندرونی معاملات میں کوئی بیرونی مداخلت قبول نہیں کرے گا: نائب صدرجمہوریہ

Urdu News

نئیدہلی: نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے اس بات پر زوردیا ہے کہ  بھارت اپنے اندرونی معاملات میں کوئی بیرونی مداخلت قبول نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی حفاظت ،سلامتی اوریگانگت پر کوئی بات چیت نہیں  ہوسکتی ۔

          انڈیا فاؤنڈیشن کی طرف سے منعقدہ  کوٹلیہ فیلوز پروگرام  ( کے ایف  پی ) میں  شرکت کرنے والوں سے خطاب کرتےہوئے انہوں  نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کو مرکز کے زیر انتظام دوعلاقوں  جموں وکشمیر اور لداخ  میں  ازسرنو مرتب کرنے کا مقصد  علاقے کی تیز رفتار ترقی  ہے۔

          اس طرف اشارہ کرتے ہوئے  کہ بھارت وسودیو کٹمبکم  کے فلسفے  میں یقین رکھتا ہے ،جس کا مقصد  پوری دنیا کو ایک کنبہ سمجھنا ہے  اور یہ کہ وہ  علم اور دانش میں  ساجھیداری میں  یقین رکھتا ہے ۔  نائب صدرجمہوریہ  نے کہا کہ یہی  وہ آدرش  ہے ، جس سے اس کے رابطے  اوررسائی کی تشکیل ہوئی ہے ۔

          نائب صدرجمہوریہ نے کہا کہ دوسرے ملکوں کے ساتھ  بھارت کے تعلقات خواہ وہ ملک قریب ہوں  یا دور اسی  فلسفے سے عبارت ہیں۔دہشت گردی کی مدد کرنے  ،اسے شہ دینے اور اسے رقمیں فراہم  کرکے  سرحد پارکی دہشت گردی کو فروغ دینے کے لئے بھارت کے پڑوسیوں میں سے ایک پڑوسی کی کوششوں پر افسوس  کا اظہار کرتے ہوئے جناب نائیڈو  نے کہا کہ بھارت نے  ہمیشہ  ہی اپنے تمام پڑوسیوں  کے ساتھ  پُرامن بقائے  باہم  میں  یقین رکھا ہے ۔  انہوں  نے کہا کہ بھارت  نے کبھی  بھی جارحیت اختیار نہیں کی اور کبھی کسی ملک پر حملہ  نہیں  کیا ۔

          دہشت گردی کی لعنت کو پوری انسانیت  کا دشمن قراردیتے ہوئے اوریہ کہتے ہوئے کہ اس کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں  ہے ، جناب نائیڈو  نے کہا کہ دہشت گردی کو مذہب  کے ساتھ  ملانا ایک مشکوک معاملہ ہے۔

          نائب صدرجمہوریہ نے  عالمی برادری  اور اقوام متحدہ جیسی  ہمہ قومی تنظیموں  پر زوردیا کہ وہ بھارت کی طرف سے تجویز کردہ بین الاقوامی  دہشت گردی کے بارے میں جامع کنونشن  پر بحث  ومباحثہ مکمل کرے ، جو  1996سے  اقوام متحدہ میں  زیر التوا ہے۔ انہوں  نے  کہ یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ  ہر قسم کی دہشت گردی  اور اس کے  پھیلاؤ  پر روک  لگائے ۔

          اس طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ  اپنی صدیوں پرانی  تہذیبی اقدار  کی وجہ سے  سیکولرزم   تمام بھارتی باشندوں  کے  ڈی این اے میں  سمویا ہوا ہے ۔ جناب نائیڈو نے کہا کہ بھارت  میں تمام اقلیتیں  محفوظ اور پُر اعتماد  ہیں۔

          جناب نائیڈو نے کہا کہ عالمی اقتصادی مندی کے باوجود  بھارت دنیا میں  تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں  میں سے ایک ہے اور اگر اصلاحات  اسی رفتار سے جاری رہیں تو وہ  تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا۔

          جناب نائیڈو  نے کہا کہ بھارت  اپنی زبردست نوجوان  آبادی کی بدولت   دنیا میں  انسانی وسائل کا مرکز بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  میک ان انڈیا ، ڈجیٹل  انڈیا اور اسکل انڈیا جیسے  پروگراموں  سے نوجوان بااختیار بن رہے ہیں اور وہ صنعتیں قائم  کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا  :’’  اگر ہم  اپنی وسیع  نوجوان  آبادی کو تعلیم دینے  اور ہنر مندبنانے کا بندوبست کرلیں تو ہم  عالمی  کاروباری مرکز بن سکتے ہیں۔‘‘

          انڈیا فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے ممبر وائس ایڈ مرل شیکھر سنہا  اور بورڈ آف گورنر س  کے ممبر جناب رام مادھو اور  100سے زیادہ  کوٹلیہ  فیلوز  پروگرام میں شرکت کرنے والے اس موقع پر موجود تھے۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More