23 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

گڈکری نے عہدیداروں کو یمنا ایکشن پلان کے پروجیکٹوں میں تیزی لانے کی ہدایت دی

Urdu News

نئی دہلی، آبی وسائل، دریا کی ترقی اور گنگا کے احیاء کے مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری نے دلّی جل بورڈ کے سینئر عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ یمنا ایکشن پلان -3 کے پروجیکٹوں میں تیزی لائیں۔ انھوں نے یہ بات کل نئی دہلی میں جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس میٹنگ میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال، آبی وسائل، دریا کی ترقی اور گنگا کے احیا کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر ستیہ پال سنگھ کے علاوہ تمام ٹھیکیدار، مشیر اور دلّی جل بورڈ اور این ایم سی جی کے سینئر عہدیدار موجود تھے۔

گنگا کی صفائی کے قوم مشن (این ایم سی جی) نے یمنا ایکشن پلان-3 (وائی اے پی-3) میں آٹھ پیکیج کی منظوری دی ہے، جن کی لاگت تقریباً 1656 کروڑ روپئے ہے۔ ان میں کونڈلی کے چار پروجیکٹ (کے-1، کے-2، کے-3، کے-4)، رٹھالہ کے 3 پروجیکٹ (آر-1اے اور بی اور  آر-2)، اور اوکھلا، کونڈلی اور رٹھالہ پروجیکٹوں میں 564 ایم ایل ڈی، ایس ٹی پی پروجیکٹوں کی تعمیر اور ٹرنک سیور اور رائزنگ مین کی بازآبادکاری شامل ہے۔ چار پیکیجوں، کے-1، کے-2، آر-1 اے اور آر-2 کے لئے ٹھیکے دیے جاچکے ہیں، جبکہ کے-3، کے-4 اور آر-1بی کے لئے ٹینڈر آخری مرحلوں میں ہیں، جن میں اوکھلا ایس ٹی پی کے لئے ابھی بولی وصول نہیں ہوئی ہے۔

جناب گڈکری نے ان پروجیکٹوں میں سست پیش رفت پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ ٹھیکے دینے اور ورک آرڈر جاری کرنے سے پہلے سروے، ٹینڈر کا عمل، آبادی کا سروے، زمین کی تحویل وغیرہ جیسے تمام ضابطے مکمل کرلینے چاہئیں۔ انھوں نے کہا کہ مرکز ہر ممکن مدد دینے کے لئے تیار ہے، لیکن ڈی جے بی کو اپنے کام میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند  کیجریوال اور ڈی جے بی کے سینئر عہدیداروں نے یقین دلایا کہ پچھلے تین ماہ کے دوران پروجیکٹوں کو دینے میں کافی پیش رفت ہوئی ہے اور وہ ان پروجیکٹوں کو وقت سے پہلے مکمل کرنے کے لئے سنجیدہ کوششیں کریں گے۔

کارونیشن پلر اور انٹرسیپشن سیور پروجیکٹ میں 318 ایم ایل ڈی (70ایم جی ڈی) ایس ٹی پی کی تعمیر کا جائزہ بھی لیا گیا۔ کارونیشن پلر پر ایس ٹی پی کی تکمیل کا وقت ستمبر 2019 تک ہے، جب کہ انٹرسیپشن سیور پروجیکٹ کا کام دسمبر 2018 تک مکمل ہوجائے گا۔ میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ نہر سے نکلی ہوئی گاد اور مٹی کو این ایچ اے آئی کی سڑکوں میں استعمال کیا جاسکتا ہے اور ان نالوں کے لئے جو جمنا کو آلودہ کررہے ہیں، ہریانہ اور اترپردیش کے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کی جانی چاہئے۔

جائزہ میٹنگ اس قرارداد کے ساتھ ختم ہوئی کہ تمام جاری پروجیکٹوں کو وقت سے پہلے مکمل کرلینے کے لئے کام میں تیزی لائی جائے تاکہ دہلی کی شہ رگ جمنا صحت مند اور صاف ستھری ہوسکے۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More