25 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

ڈاکٹر ہرش وردھن نے مرکزی حکومت کے ہسپتالوں اور ایمس، نئی دہلی کی کووِڈ۔19 انتظام کاری تیاریوں کا جائزہ لیا

Urdu News

نئی دہلی، صحت و کنبہ بہبود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے آج نئی دہلی میں کووِڈ۔19 سے سنگین طور پر متاثر مریضوں کی طبی نگہداشت  کے لئے مرکزی حکومت کے ہسپتالوں (صفدرجنگ ہسپتال، ڈاکٹر آر ایم ایل ہسپتال، لیڈی ہارڈنگ میڈیکل کالج) اور ایمس، نئی دہلی کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔ صحت و کنبہ بہبود کے مرکزی وزیر مملکت جناب اشونی کمار چوبے نے بھی ورچووَل طریقے سے اس جائزہ میٹنگ میں شرکت کی۔

مرکزی وزیر صحت نے کہا کہ ملک دوسری لہر سے گزر رہا ہے۔ زیادہ تر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں یومیہ بہت زیادہ تعداد میں معاملات درج ہو رہے ہیں اور یومیہ شرح اموات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ مرکزی حکومت ’مکمل حکومت‘ اور ’مکمل سماج‘ کے نظریے کے ساتھ کووِڈ۔19 کے خلاف نبردآزمائی کی قیادت کر رہی ہے۔ ریاست اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے تعاون سے مرکزی حکومت کے ذریعہ لیے گئے مختلف فعال فیصلوں کے سبب ہسپتالوں کے بنیادی ڈھانچے میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومیہ معاملات کی تعداد میں غیر معمولی اضافے کے مدنظر، ادویہ اور تربیت یافتہ افرادی قوت کے ساتھ ساتھ مناسب آکسیجن سپلائی کے علاوہ آکسیجن والے اور آئی سی یو بستروں کے مطالبات میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔

مرکزی وزیر صحت نے آکسیجن والے اور آئی سی یو۔وینٹی لیٹر والے بستروں سمیت بستروں کی دستیابی کے بارے میں تفصیلی جائزہ لیا۔ مختلف ہسپتالوں نے کووِڈ کے مریضوں کی ضرورتوں کو فوری طور پر پورا کرنے کے مقصد سے بستروں کی دستیابی میں اضافہ کرنے کے لئے فوری طور پر کیے جا رہے اقدامات کے بارے میں بتایا۔ مرکزی وزیر نے تمام ہسپتالوں کو ہدایت جاری کی کہ وہ فیبریکیٹڈ ہسپتالوں، غیر کووِڈ بستروں کے استعمال (تاکہ یہ صحتی خدمات غیر ضروری اور برعکس طور سے متاثر نہ ہوں)، موجودہ احاطوں میں عمارتوں / بلاکوں اور وارڈوں کی کووِڈ سہولتوں کے لئے وقف مراکز میں تبدیلی پر کام شروع کریں۔

میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ صفدر جنگ ہسپتال 172 مزید کووِڈ بستروں (مجموعی طور پر 391) کے ساتھ بستروں کی دستیابی میں اضافہ کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، صفدر جنگ ہسپتال کے سوپر اسپیشلٹی بلاک کو صرف کووِڈ مریضوں کے لئے ایک مخصوص بلاک میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سی ایس آئی آر کی مدد سے 46 بستر (32 آئی سی یو بستروں سمیت) مزید جوڑے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹر آر ایم ایل ہسپتال نے بتایا کہ وہ کچھ دیگر غیر کووِڈ عمارتوں کو کووِڈ کے لئے وقف معالجاتی  سہولتوں میں تبدیل کر رہے ہیں۔ یہ قدم کووِڈ مریضوں کو 200 اضافی بستر فراہم کرائے گا۔

لیڈی ہارڈنگ میڈیکل کالج (ایل ایچ ایم سی) میں، سی ایس آئی آر کے ذریعہ 240 مزید بستر تیار کیے جا رہے ہیں، جنہیں جلد ہی استعمال کیا جائے گا۔ ڈی ایس آئی آر کے سکریٹری ڈاکٹر شیکھر منڈے نے یقین دہانی کرائی کہ جاری کوششوں کو مستحکم کرنے اور اس میں تیزی لانے کے لئے ہرطرح سے تعاون دیا جا رہا ہے۔

ایمس، نئی دہلی کے ڈائریکٹر نے دیگر وارڈوں / بلاکوں جیسے کہ برن اینڈ پلاسٹک سرجری سینٹر، این سی آئی جھجر، ڈاکٹر آر پی سینٹر فار آفتھیلیمک سائنسز اور جیریاٹرک وارڈوں میں مزید بستروں کے اضافے سے متعلق توسیعی اسکیموں کا منصوبہ پیش کیا۔ صرف کووِڈ مریضوں کے لئے وقف بستروں کی مجموعی صلاحیت کو بڑھاکر 1000 سے زائد کیا جائے گا۔

مرکزی وزیر صحت نے مرکزی حکومت کے مختلف ہسپتالوں اور ایمس، نئی دہلی میں آکسیجن کی دستیابی کی صورتحال اور سپلائی کو وقت پر بڑھانے کے لئے کیے جا رہے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔ یونین ہیلتھ سکریٹری جناب راجیش بھوشن نے پیداواری وسائل سے ہسپتالوں تک آکسیجن سپلائی کے نقل و حمل سے متعلق کی گئیں تدابیر کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے ڈی پی آئی آئی ٹی  کے 24 x 7 کنٹرول روم کے بارے میں جانکاری دی، جو آکسیجن کی بلارکاوٹ سپلائی کے لئے دہلی کے نقل و حمل سے متعلق تمام تر مسائل کو حل کرنے کے لئے کام کر رہا ہے۔

مرکزی وزیر صحت نے دہلی کے ہسپتالوں میں تمام مقامات پر 5 پریشر سونگ ایڈسورپشن (پی ایس اے) پلانٹس قائم کرنے میں تیزی لانے کے لئے ہدایت جاری کی۔ انہوں نے آنے والے دنوں میں کووِڈ۔19 مریضوں کو وقت پر علاج کے لئے مرکزی حکومت کے تمام ہسپتالوں کو توسیعی اسکیموں کے ساتھ تیار رہنے کے لئے ہدایت جاری کی۔ایمس، این آئی سی جھجر، صفدر جنگ، ایل ایچ ایم سی اور ڈاکٹر آر ایم ایل ہسپتال میں ڈی آر ڈی او۔ٹاٹا سنز کے آکسیجن جنریشن پلانٹس کی تنصیب کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ان پلانٹوں میں فی منٹ 1000 لیٹر آکسیجن پیدا کرنے کی صلاحیت ہوگی۔

جناب اشونی کمار چوبے نے مرکزی حکومت کے ہسپتالوں کے سرکردہ افراد کو ہسپتال میں حفاظتی اقدامات کے بارے میں یاددہانی کرائی کیونکہ آج ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ وزیر اعظم کی جائزہ میٹنگ کے دوران اس مسئلے کو اٹھایا گیا تھا۔ انہوں نے کووِڈ کے کئی مریضوں کو بغیر کسی دوا کے ہسپتالوں سے لوٹائے جانے کی خبروں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ان سے اس امر کو یقینی بنانے کی گذارش کی کہ تمام کووِڈ مریضوں کو مرکزی ہسپتالوں کی جانب سے ادویہ فراہم کرائی جائیں۔انہوں نے اس کے لئے بھی درخواست کی کہ معالجین اور صحتی کارکنان، جو گذشتہ ایک برس سے بے لوث خدمات پیش کر رہے ہیں، ان کے لئے بستر دستیاب ہوں۔

اس میٹنگ میں ڈاکٹر (پروفیسر)، سنیل کمار، ڈی جی ایچ ایس؛ ڈاکٹر رندیپ گلیریا، ڈائریکٹر ایمس، نئی دہلی؛ ڈاکٹر ڈی این ماتھر، ڈائریکٹر ایل ایچ ایم سی؛ ڈاکٹر این گوپال کرشنن، ڈائریکٹر سی ایس آئی آر۔ سینٹرل بلڈنگ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سی بی آر آئی)؛ ڈاکٹر ایس وی آریہ، ایم ایس، صفدرجنگ ہسپتال؛ اور ڈاکٹر رانا اے کے سنگھ، ایم ایس، ڈاکٹر آر ایم ایل ہسپتال بھی موجود تھے۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More