36 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

پریشان حال خواتین کی مناسب باز آباد کاری کے لئے ہنر مندی کا فروغ یکساں طور پر اہم : مینکا گاندھی

Urdu News

نئی دلّی ،خواتین و اطفال  بہبود کی مرکزی وزیر محترمہ مینکا گاندھی نے آج گنگٹوک کے  مَنن کیندر میں  حکومت سکم کی  سماجی انصاف ، تفویض اختیارات اور فلاح  وبہبود  کی وزیر   محترمہ تلسی دیوی  رائے کے ساتھ  ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی ۔  میٹنگ کا مقصد  سکم کے  مختلف شعبوں میں  جنسی  تنوع   میں آئی بہتری  کے  فروغ    سے متعلق  مرکز  اور ریاست   کے مشترکہ تصور اور  حکمت عملی پر تبادلۂ خیال کرنا تھا ۔

          اپنے کلیدی خطبے میں   محترمہ گاندھی نے   صنفی  عدم مساوات    کو  ختم   کرنے  کے ضمن میں  سکم  کی  حصولیابیوں  کی ستائش کی ۔  سکم کی ریاستی حکومت کے ذریعے  چلائی جا رہی   ‘ غیر شادی شدہ خواتین  کے لئے پنشن  اسکیم  ’ کی تعریف کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ انہوں نے مرکزی سطح پر ایسی ہی ایک اسکیم  چلائے جانے کی تجویز  رکھی ہے ۔  صنفی  مساوات   کے فروغ اور خواتین کو با اختیار بناکر   شمولیت پر مبنی  سماج  کی  تشکیل   کے تئیں  مرکزی حکومت کی  عہد بستگی  کا  ذکر کرتے ہوئے  محترمہ گاندھی نے    مختلف شعبوں اور    بحیثیت مجموعی سماج میں   صنفی  خلیج  کو  پاٹنے کے لئے  مرکزی حکومت کی حصولیابیوں  پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ ‘ بیٹی بچاؤ ، بیٹی پڑھاؤ ’ مہم حکومت کی سب سے کامیاب  مہموں میں سے ایک رہی ہے ۔

          مرکزی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو  ہر طرح کی ہراسانی سے بچانا ہی  کافی نہیں ہے  بلکہ یہ بات بھی یکساں طور پر اہم  ہے کہ  اُن کے اندر  ہنرمندی  کو فروغ دیا جائے   تاکہ  خواتین کے  درمیان  بھی صنعت کار پیدا ہو سکیں ۔  انہوں نے  چھتیس گڑھ حکومت کے ذریعہ  اسمگلنگ   کے چنگل سے  نکلنے میں کامیاب  رہنے والی خواتین کے لئے شروع کئے گئے  بیٹی بیکری  کا بھی ذکر کیا ۔

          محترمہ گاندھی نے مجوزہ انسدادِ ٹریفکنگ بل    کے بارے میں کہا کہ    مجوزہ بل سے ٹریفکنگ   سے متعلق   بحث و مباحثے  کی  پوری  جہت  تبدیل ہو جائے گی ۔  انہوں نے کہا کہ اس بل کا مقصد ٹریفکنگ   کا شکار ہونے والیوں  کو   سزا دینا نہیں بلکہ  اس کا سبب بننے والوں کو سزا  دینا ہے ۔

          اس میٹنگ میں سکم حکومت   کے  سماجی انصاف ، تفویض اختیارات اور فلاح و بہبود محکمے کے  اعلیٰ اہل کاروں  ، مرکز کے زیر اہتمام بچوں اور خواتین کی فلاح  و بہبود کے لئے  چلائی جانے والی اسکیموں  کے  نفاذ سے وابستہ اہلکاروں  اور  ورکروں ،  این جی اوز کے اراکین ، اسکولی بچوں اور   پریس  کے اراکین  نے شرکت کی ۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More