40 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

نائب صدرِ جمہوریہ نے تعلیمی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ یوگا کو آن لائن تعلیمی پروگرام میں شامل کریں

Urdu News

نئی دلّی: نائب صدرِ جموریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو  نے تعلیمی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ کووڈ – 19 عالمی وباء کے پیشِ نظر  شروع کئے گئے تعلیم کے  آن لائن پروگراموں میں یوگا کو شامل کریں کیونکہ یہ  جسمانی قوتِ مدافعت کو بہتر بنانے کا سب سے اچھا متبادل ہے ۔

          یوگا کے بین الاقوامی دن کے موقع پر  اِسپِک  مکائے   کے ذریعے منعقدہ  ڈجیٹل یوگا اور مراقبہ  شیوِر میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے  نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ یوگا  دنیا کے لئے ایک منفرد  تحفہ ہے ، جو پوری دنیا میں  کامیابی کے ساتھ   لاکھوں لوگوں کی زندگی  بدل رہا ہے ۔

          انہوں نے کہا کہ  بچوں کو  چھوٹی عمر سے ہی یوگا سکھانا چاہیئے  ۔  انہوں نے مزید کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ‘ یونیسیف  کِڈ پاور ‘ نے یوگا کی  13 مشقوں کو بچوں کے لئے فہرست میں شامل کیا ہے ۔

          اِس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ 5000 سال پرانی یوگا کی روایت  صرف ایک ورزش نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک سائنس ہے ، جو توازن   ، سکون  ، دِل جمعی   ، امن اور ہم آہنگی پر زور دیتی ہے ۔  انہوں نے مزید کہا کہ  یوگا کی مختلف  ورزشیں جیسے  مختلف آسن ، سانس لینے کی مشقیں اور مراقبے کی تکنیک  مل کر انسانی جسم اور ذہن میں بے شمار طریقے سے  مثبت تبدیلی لانے میں مدد کرتی ہیں ۔

          جناب نائیڈو نے یوگا کے وسیع  امکانات  کی مزید تحقیقات کے لئے  بڑے پیمانے پر سائنسی تجربات  کرنے   پر زور دیتے ہوئے یوگا کو ایک طریقۂ علاج یا یوگ چِکِتسا بنانے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں کئے گئے  مطالعات سے اِس بات کے شواہد ملے ہیں کہ یوگا میں بہت سی بیماریوں کا علاج کرنے کی صلاحیت ہے ۔

کووڈ – 19 عالمی وباء کے لوگوں کی جسمانی  اور ذہنی صحت  پر پڑنے والے اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے نائب صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ حقیقت میں دنیا ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے اور ہم اِس  وباء سے  کچھ اچھی امید نہیں کر سکتے ۔ ہمیں  متحد ہونا ہوگا  اور مل کر  سخت لڑائی لڑنی ہو گی اور اِس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہم جسمانی اور ذہنی  دونوں طرح صحت مند ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یوگا عالمی وباء کی وجہ سے ہماری زندگی میں پیدا  ہوئے  شدید دباؤ  کے لئے ایک موثر حل  پیش کر سکتا ہے ۔  انہوں نے مزید کہا کہ یوگا ایک نسبتاً کم خطرے والا اور زیادہ مفید   طریقۂ کار ہے  ، جو ہماری مجموعی صحت کو  بہتر بنا سکتا ہے  اور اِس کے مکمل فوائد کو حاصل کیا جانا چاہیئے ۔

اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ  صرف عالمی وباء   ہی لوگوں کی صحت و تندرستی  کو خطرے میں  ڈالنا والا بحران نہیں ہے ، انہوں نے طرز زندگی  سے جڑی بیماریوں میں اضافے پر تشویش  کا اظہار کیا ۔ ڈبلیو ایچ او کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک تخمینے  کے مطابق  2016 ء میں بھارت ہونے والی 63 فی صد اموات غیر متعدی  بیماریوں سے ہوئی ہیں ۔  انہوں نے کہا کہ یوگا بہت زیادہ  آسان لیکن طرزِ زندگی سے جڑی  بیماریوں سے بچاؤ اور روک تھام کا ایک  طاقتور  ذریعہ ہے ۔

ایسے واقعات پر تشویش  کا اظہار کرتے ہوئے  ، جہاں نو جوان جدید دور کے  دباؤ اور  الجھنوں سے نمٹنے میں  نا کام ہونے پر اپنی جان لے لیتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اِس طرح کی اموات سے  پوری طرح بچا جا سکتا ہے ۔  انہوں نے کہا کہ یوگا  ڈپریشن  ، دباؤ اور مایوسی  جیسے مسائل سے موثر طور پر  نمٹنے میں مدد کر سکتا ہے ، جو  جدید طرزِ زندگی  کی وجہ سے سامنے آتی ہیں ۔

بھارت کی وسیع  آبادی  کے فائدے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  ہمیں اِس بات  کو یقینی بنانے کے لئے  اپنی تمام تر کوششیں کرنی چاہئیں کہ ہمارے نو جوان جسمانی ، ذہنی اور جذباتی طور پر  صحت مند ہوں ۔

یوگا  کے پیشہ ور افراد  کے لئے رضا کارانہ سرٹیفکیٹ   کی اسکیم  جیسے حکومت کے پروگراموں کی  ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اِس اسکیم کے ذریعے یوگا کے بڑی تعداد میں  پیشہ ور ٹیچروں کی تصدیق  کی جائے گی ، جس سے یوگا کو فروغ دینے اور  اِس کی پریکٹس میں اضافہ ہوگا ۔

نائب صدرِ جمہوریہ  نے کہا کہ یوگا  پوری دنیا میں فِٹنیس  کی سب سے  بڑی مہم بن چکی ہے اور اس کو  زندہ رکھنے کی ذمہ داری  ہم سب پر عائد ہوتی ہے ۔  انہوں نے کہا کہ بھارت کی قدیم وراثت یوگا  ایک طویل روایت ہے اور اس بیش قیمت روایت کو زندہ رکھنے کی ذمہ داری ہم سب کی ہے ۔

نائب صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ اِس طرح کے شیوِر  درست سمت میں اٹھائے گئے اقدام ہیں ۔ انہوں  نے امید ظاہر کی کہ  مستقبل میں بھی نوجوانوں  کے فائدے کے لئے اِس طرح کے  پروگرام  منعقد  کئے جائیں گے ۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More