30 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

مرکزی وزارت صحت نے 16 ریاستوں کے کمیونٹی ریڈیو اسٹیشنوں کے ساتھ مواصلاتی بیداری ورکشاپ کا انعقاد کیا

Urdu News

نئی دہلی۔ 25  جولائی یونیسف کی شراکت میں مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود نے 16 ریاستوں کے کمیونٹی ریڈیو اسٹیشنوں کے نمائندوں کے لئے ایک مواصلاتی بیداری  ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ موضوعاتی اجلاس میں کووڈ سے متعلق مناسب طرز عمل (سی اے بی)کے بارے میں بامقصد بیداری مہم شروع کرنے  اور خاص طور پر ملک کے دور دراز اور مشکل علاقوںمیں مقیم کمیونٹی کے درمیان کووڈ کے ٹیکوں اور ٹیکہ کاری سے متعلق غلط تصورات کو ختم کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی گئی۔

اس اجلاس سے مرکزی وزارت صحت کے جوائنٹ سکریٹری جناب لو اگروال نے خطاب کیا۔ جوائنٹ سکریٹری نے اپنے ابتدائی خطاب میں دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری مہم کی حمایت کرنے میں کمیونٹی ریڈیو اسٹیشنوں (سی آر ایس) کی  خدمات کا اعتراف کیا اور کہا کہ اپنے باشعور سامعین کے لیے کووڈ ٹیکہ کاری سے متعلق معلوماتی پروگرام نشر کرنے کی مسلسل کوشش سے بالغوں کے لیے چل رہی ٹیکہ کاری مہم میں کمیونٹی کی شراکت میں اضافے کی عکاسی ہوتی ہے۔

 علاقائی زبان میں کمیونٹی ریڈیو اسٹیشنوں کے پروگراموں کا مقصد برادریوں کو کووڈ سے متعلق مناسب طرز عمل کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ، ٹیکوں سے متعلق غلط تصورات اور غلط اطلاعات کی نشاندہی کرنا اور ٹیکہ کاری کی پیش رفت سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے جس کے نتیجے میں ہندوستان کے متعدد قبائلی اضلاع میں ٹیکہ کاری میں تیزی آ رہی ہے۔

کمیونٹی ریڈیو اسٹیشنوں سے اپیل کی گئی کہ وہ کمیونٹی کے درمیان ویکسین کے بارے میں اعتماد  پیدا کرنے کے لیے کمیونٹی کی قیادت والی مثبت پہلوں اور رول ماڈل کو اجاگرکریں ۔ کووڈ سے متعلق مناسب مناسب طرز عمل سے منسلک ذہنی صحت کے موضوعات پر بھی توجہ دی گئی۔ قومی و ریاستی سطح کے مضامین کے ماہرین کے ساتھ مل کر معلوماتی پروگراموں کے ذریعہ کمیونٹی کے درمیان ذہنی صحت کے  مسائل حل کرنے کی اجتماعی ذمہ داری  پر زور دیا گیا۔

کمیونٹی ریڈیو اسٹیشنوں سے کہا گیا کہ وہ مسلسل اپنے سامعین کو سختی سے کووڈ سے متعلق مناسب طرز عمل اختیار کرنے کی ضرورت کے بارے یاد دہانی کرائیں کیونکہ دوسری لہر ابھی بھی ختم نہیں ہوئی ہے۔معاشرتی سطح پر صحت سے متعلق مشورے کو نظرانداز کرنے اور کووڈ کے حفاظتی پروٹوکول کے تئیں احتیاط میں لاپرواہی سے وائرس کا حملہ دوبارہ ہو سکتا ہے۔ کمیونٹی ریڈیو اسٹیشنوں کے شرکاء کو مفید پروگرام بنانے اور کمیونٹی کے رول ماڈلوں کی خصوصیات اور ان کی خدمات کا اعتراف کر کے ایک عوامی تحریک شروع کرنے کی حوصلہ افزائی کی گئی۔

شرکاء نے سامعین کے ساتھ بات چیت کے اپنے تجربات کا تبادلہ کیا اور بتایا کہ کس طرح کووڈ ویکسین کے  بارے میں ان کے خدشات کو دور کیا اور انہوں نے ویکسین لینے کے لیے حوصلہ افزائی کی۔  مرکزی وزارت صحت کے جوائنٹ سکریٹری نے شرکاء کے مختلف سوالات کے جوابات دیئے اور ان علاقوں میں مستند معلومات کے جال کو وسیع کرنے کے لئے ان کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی۔

اس نشست میں مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود ، وزارت اطلاعات و نشریات ، پریس انفارمیشن بیورو ، دور درشن ، آل انڈیا ریڈیو اور یونیسف کے سینئر عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More