37 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

جناب امیت شاہ نے گریٹر سوہرا واٹر سپلائی اسکیم کا بھی آغاز کیا

Urdu News

نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ جناب امیت شاہ نے اپنے میگھالیہ دورے کے دوسرے دن آج سوہرا  (چیراپونجی) میں گرین سوہرا شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ میگھالیہ حکومت کے ذریعہ آسام رائفلز کے تعاون سے یہ شجرکاری مہم چلائی جائے گی۔ جناب امیت شاہ نے گریٹر سوہرا واٹر سپلائی اسکیم کا بھی آغاز کیا۔ اس موقع پر ڈی او این ای آر کے وزیر جناب جی کشن ریڈی، سائنس اور تکنالوجی اور خلائی شعبے کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، وزیر مملکت (ڈی او این ای آر) جناب بی ایل ورما، میگھالیہ کے وزیر اعلیٰ جناب کونراڈ سنگما اور مرکز و ریاستی حکومت کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

جناب امیت شاہ نے جنگل کاری اور شجر کاری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ’’سدابہار شمال مشرق‘‘ کا نعرہ دیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پہلے چیراپونجی میں سال بھر بارش ہوتی تھی، تاہم ترقی کے نام پر بے دریغ کٹائی سے صورتحال تبدیل ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیراپونجی کو پھر سے ہرا بھرا بنانے کا ایک اولوالعزم پروجیکٹ آج شروع ہوا ہے۔ جناب امیت شاہ نے بتایا کہ آسام رائفلز چیراپونجی کے پورے علاقے کو شجرکاری کے نقطہ نظر سے اپنانے والے ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ ایندھن اور دیگر ضروریات کے لئے پیڑ کاٹے جاتے ہیں، اس لیے مجموعی آراضی میں سے 80 فیصد  میں روایتی اور طویل عمر کے پیڑلگائے جائیں گے۔ بقیہ 20 فیصد میں جانوروں کے چرنےکا انتظام، سجاوٹی پیڑ پودے اور نرسری لگانے کا کام کیا جائے گا جس سے تمام ضرورتوں کو پورا کرتے ہوئے طویل عمر والے پیڑ کاٹنے کی وجوہات کو کم کیا جا سکے۔ اس تکنیک سے کثیر سطحی فارمنگ ہوتی ہے اور جنگلات میں 30 گنا تیزی سے اضافہ رونما ہوتا ہے اور 3 سال کے بعد وہ رکھا رکھاؤ سے مبرا ہو جاتا ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ اس سے ماحولیاتی سیاحت کو کافی فائدہ حاصل ہوگا، میگھالیہ کی سیاحت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔

جناب شاہ نے کہا کہ ملک کی سرحدوں کے تحفظ کے لئے تعینات نیم فوجی دستوں کی وجہ سے ہی ہمارا بھارت محفوظ ہے۔ گذشتہ دو برسوں سے انہوں نے ماحولیات میں بہتری لانے کا بھی ذمہ سنبھالا ہے اور ابھی تک ایک کروڑ اڑتالیس لاکھ (1.48 کروڑ) پیڑ لگائے گئے ہیں جن میں ایک کروڑ چھتیس  لاکھ (1.36 کروڑ) پودے نشو و نما پا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال بھی حکمت عملی وضع کرکے الگ الگ علاقوں میں تقریباً ایک کروڑ پودے لگائے جائیں گےاور آئندہ تین برسوں میں 1000 ہیکٹیئر آراضی میں ایک ملین پیڑ لگانے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ آج پوری دنیا گلوبل وارمنگ اور تبدیلی آب و ہوا کے خلاف نبرد آزما ہے۔ جناب نریندر مودی جی نے ملک میں بڑی تعداد میں گھریلو گیس چولہے پہنچاکر کاربن اخراج کو روکنے کا کام کیا ہے اور آج ہائیڈرو پاور اور شمسی بجلی میں بھارت سب سے آگے ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ پیرس معاہدے میں مودی جی کے مجوزہ لائحہ عمل کے ساتھ پوری دنیا گلوبل وارمنگ اور کاربن اخراج کے خلاف لڑ رہی ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ جو لڑائی ہم لڑنے جا رہے ہیں وہ ضلع پنچایت، تعلقہ پنچایت سطح پر عوام الناس کے تعاون کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتی۔ جناب شاہ نے ملک بھر کی تمام پنچایتوں سے گذارش کی کہ نیم فوجی دستوں کے ذریعہ جگہ جگہ منعقد کیے جارہے شجرکاری پروگراموں میں تعاون دیں اور ان کے ساتھ اپنی طاقت کو جوڑکر نیم فوجی دستوں کے ذریعہ ایک کروڑ پودے لگانے کے کام اور ان کی نشو و نما میں مدد کریں۔

جناب امیت شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم کے اولوالعزم پروجیکٹ جل جیون مشن کے تحت شمال مشرقی خصوصی بنیادی ڈھانچہ اسکیم کے تحت ڈی او این ای آر کی وزارت  اور میگھالیہ حکومت کے ذریعہ 25 کروڑ کی لاگت کے گریٹر سوہرا واٹر پروجیکٹ سے ملک کے ہر کنبے، ہر گھر تک صاف پینے کا پانی نل سے پہنچانے کا کام کیا جانا ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ اگر پانی کا وسیلہ صاف نہیں ہے تو انسان صحت مند نہیں رہے گا، اس لیے مودی نے ملک کی آزادی کے 75 برس مکمل ہونے اور میگھالیہ کے 50 برس مکمل ہونے تک میگھالیہ ریاست اور ملک کے ہر گھر میں صاف پینے کا پانی پہنچانے کا ہدف طے کیا ہے۔ ریاست میگھالیہ میں 280000 کنبوں کو پینے کا پانی پہنچانے کا اولوالعزم پروگرام ہے جسے 1874 چھوٹے چھوٹے پروجیکٹوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جناب امیت شاہ نے کہا کہ اس دور دراز کے علاقے میں اتنا اولوالعزم پروجیکٹ پہنچانے کا کام انتہائی اہم اور چنوتی بھرا ہے۔ مرکزی حکومت نے اب تک 400 کروڑ روپئے مختص کیے ہیں اور جیسے جیسے کام آگے بڑھے گا ، مزید رقم مختص کی جائے گی۔ جناب شاہ نے کہا کہ آسام رائفلز کی تاریخ ہے کہ 180 برسوں میں جو بھی کام انہیں دیا گیا ہے، انہوں نے مقررہ مدت کے اندر اس کام کو پوری لگن کے ساتھ مکمل کیا ہے۔

وزیر داخلہ جناب امیت شاہ کی پہل قدمی پر شروع کی گئی شجرکاری مہم کے تحت آج سبھی مرکزی مسلح پولیس دستے (سی اے پی ایف) ملک بھر میں شجرکاری کر رہے ہیں۔ اس مہم کے تحت آج 16 لاکھ 31 ہزار سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔

جناب امیت شاہ نے راماکرشن مشن، سوہرا میں سوامی وویکانند کے مجسمے پر پھول چڑھائے اور دعائیہ پروگرام میں حصہ لیا۔ جناب شاہ نے راماکرشن مشن کے معززین سے ملاقات بھی کی۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More