22 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

بیداری اور باقاعدہ جانچ کرانا کینسر کامقابلہ کرنے میں بہت اہم ہے:نائب صدرجمہوریہ

Urdu News

نئی دلّی، نائب صدرجمہوریہ ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو نے ملک میں کینسر کے بڑھتے ہوئے معاملات پر تشویش کااظہار کیا اور کینسر سے بچاؤ، اس کے علاج اور مریضوں کو  راحت پہنچانے کے لئے  کینسر کے علاج کے مزید سستے مراکز قائم کئے جانے کی اپیل کی۔آج وہ وشا کھا پٹنم آندھرا پردیش میں بھابھا ایٹمی ریسرچ سینٹر اور ہومی بھابھا کینسر ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سینٹر کے سائنسدانوں ، اسٹاف اور فیکلٹی ارکان سے بات چیت کررہے تھے۔

نائب صدرنے کہا کہ ہندوستان میں تمباکو کا بہت زیادہ استعمال کینسر کے معاملات میں اضافے کی ایک اہم وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں  سر اور گردن کے کینسر کے مریضوں میں تقریباً 60  فیصد ہندوستان میں ہیں اور 2030 تک اس تعداد کے دو گنا ہوجانے کی توقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تشویشناک صورتحال ہے۔اس کو روکنے کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔

نائب صدر نے کہا کہ کینسر کے معاملات میں اضافہ تشویش کی ایک بڑی وجہ ہے۔ جس سے ملک میں صحت دیکھ ریکھ فراہم کرانے والوں کے لئے ا یک بڑا چیلنج پیدا ہوگیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کینسر کے زیادہ تر معاملات میں کینسر کا پتہ اس کے بہت زیادہ بڑھ جانے کے بعد  چل پاتا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ زیادہ تر مریض کینسر کے ابتدائی مرحلوں میں جانچ ہی نہیں کراتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل غور ہے کہ یورپ اور امریکہ سمیت  بہت سے ترقی یافتہ ممالک میں کینسر کی جانچ کے موثر پروگراموں کی وجہ سے اس کے پھیلنے میں واضح کمی آئی ہے۔

نائب صدر نے کہا کہ کینسر کے علاج کے سلسلے میں کام کرنےو ا لے لوگوں کو اس کی باقاعدہ طبی جانچ کی ضرورت کے بارے میں لوگوں میں بیداری پھیلا کر کینسر کے بڑھتے ہوئے معاملات کو روکنے کے اقدامات کرنے چاہئیں۔انہو ں نے کہا کہ کینسر کے بارے میں عوام میں بیداری سے ہی اس کا ابتدائی مرحلوں میں پتہ لگانے میں مدد ملے گی۔

نائب صدر نے  ہندوستان کے شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں مزید سہولتیں  مثلاً موبائل جانچ  وین فراہم کرائے جانے کی  ضرورت پر بھی زور دیا، جس کے  لوگوں کو ا پنی  صحت کی صحیح حالت کے بارے میں پتہ چلے اور وہ وقت پر اپنا علاج کراسکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صحت دیکھ ریکھ کے شعبے کے تمام متعلقین کے لئے کینسر کے علاج کی بہت زیادہ قیمت باعث تشویش ہے۔ کینسر کے علاج کی قیمت کو بہت کم کیا جاناچاہئے اور اسی سلسلے میں بی اے آر سی جیسے ادارے کم لاگت والی ٹیکنالوجی اور آلات تیار کرکے ایک اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔

نائب صدر نے عالمی شراکت داری کے ذریعہ محفوظ اور پائیدار نیوکلیائی توانائی کو فروغ دینے کے معاملے میں ایٹمی توانائی کے محکمے کے ویژن کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ آب وہوا کی تبدیلی  ماحولیات کے بارے میں دنیا کی  ایک بڑی تشویش ہے۔ انہوں نے قدرت کا بہت زیادہ استحصال کرنے اور اس سے ٹکراؤ کا راستہ اختیار کرنے سے بچنے کی ضرورت  پر بھی زور دیا۔ نائب صدر نے کہا کہ ہندوستان کو توانائی پیدا کرنے کے لئے محفوظ اور ماحولیات دوست رویہ اختیار کرناچاہئے اور اس سلسلے میں ملک ایسے ممالک سے سیکھ سکتا ہے، جنہوں نے خصوصی طور پر نیوکلیائی توانائی کی لاگت کو کم کرنے کے معاملے میں ترقی بھی کی ہے اور کوششیں بھی کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیوکلیائی طریقے سے بجلی پیدا کرنے پر کاربن کا بہت کم اخراج ہوتا ہے اور اس سے گرین ہاؤس  گیسوں کے اخراج میں بھی واضح طور پر کمی لائی جاسکتی ہے۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More