نئی دہلی،؍جون ، نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب وجے گوئل نے اعلان کیا ہے کہ کھیلوں کا محکمہ چمپئنس ٹرافی میچوں ( سیمی فائنل اور فائنل) کو مفت میں عوام کو دکھانے کیلئے میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں بڑے ایل ای ڈی اسکرین نصب کرے گا۔ آج یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم کے کھلی جگہ کو استعمال کرنے کیلئے نیز بڑے اسکرین پر ہر ایک شخص کو میچ دیکھنے کا موقع فراہم کرنے کیلئے ایسا کیاجارہا ہے۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ عوام میں کھیل کے کلچر کو فروغ دینے اور اسٹیڈیم کے زیادہ سے زیادہ استعمال کیلئے ایسا خیال پیداہوا ہے۔ مزید برآں مستقبل میں بھی ہم اس طرح کاماحول بنا ئیں گے تاکہ ملک بھر میں کھیل کودکی تقریبات کیلئے جوش و خروش قائم رہے۔
14جون 2017کو نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے وزیر جناب وجے گوئل کےہاتھوں بڑے ایل ای ڈی اسکرینوں کا افتتاح ہوگا۔ واضح رہے کہ 14 جون کو ہی انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان پہلا سیمی فائنل میچ کھیلاجائےگا، جبکہ 15جون کو ہندوستان اور بنگلہ دیش کےدرمیان دوسرا سیمی فائنل میچ کھیلاجائےگا۔اسی طرح 18 جون کو سیمی فائنل مقابلوں کے فاتح ٹیموں کے درمیان آئی سی سی چمپئنس ٹرافی کا فائنل میچ کھیلاجائےگا۔