نئی دہلی، ڈیموکریٹک سوشلسٹ جمہوریہ سری لنکا کے وزیراعظم جناب مہندا راج پکشا نے آج راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند سے ملاقات کی۔
ہندوستان میں سری لنکا کے وزیراعظم کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہاکہ ہمیں پکا یقین ہے کہ ہندوستان کی ترقی پڑوسی ممالک کے امن و خوشحالی سے جڑی ہیں۔ ایک مستحکم اور خوشحال سری لنکا ہندوستان کے بہترین مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ سے ہند سری لنکا دو طرفہ تعلقات کے اقتصادی ستون کو مستحکم کرنے کا خواہشمند رہا ہے۔ ہماری باہمی ترقی اور خوشحالی کے لیے بہت کچھ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
صدر جمہوریہ جناب رام ناتھ کووند نے گزشتہ سال سری لنکا میں ہونے والے ایسٹر دہشت گردانہ حملوں کی سخت مذمت کی۔ دونوں لیڈروں نے دہشت گردی سے مقابلہ کرنے اور اسے شکست دینے کے اپنے عزم کو جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔