36 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اپنے لوک سبھا حلقہ انتخاب ادھم پور – کٹھوعہ –ڈوڈا میں کووڈ سے متاثر بچوں کے لئے 10 لاکھ روپے کی امداد کی

Urdu News

نئی دہلی۔ مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج اپنے لوک سبھا حلقہ انتخاب ادھم پور – کٹھوعہ – ڈوڈہ  میں کووڈ سے متاثر بچوں کے لئے 10 لاکھ روپے کی امداد دی ، جو رضاکارانہ / ذاتی ذرائع سے حاصل کیے گئے ہیں۔ کٹھوعہ کے ڈپٹی کمشنر جناب  راہل یادو نے اس حلقے کے تمام چھ اضلاع کے نوڈل اتھارٹی کی حیثیت سے اس رقم کا چیک حاصل کیا ۔

کٹھوعہ کے اپنے دورے کے دوران ، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ان بچوں کے ایک ایسے گروپ سے بھی ملاقات کی ، جو موجودہ وبائی بیماری کے دوران اپنی روزی روٹی کمانے والے سے محروم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا ، اپنے قرابت داروں اور عزیزوں کےجانے کی کی تلافی کسی بھی طرح سے ممکن نہیں ہے ، لیکن اپنے ضمیر کی پکار پر  کھرا اترنے کے لیے ہم نے بہت ہی چھوٹی اور عاجزانہ کوشش کی  ہے تاکہ  ہم نے ان بچوں کے ساتھ کھڑے  رہ سکیں۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ  یہ رقم ان بچوں کے لئے ایک بہت ہی کم اور معمولی رضاکارانہ تعاون ہے جوکووڈ وبائی مرض کے  باعث اپنے خاندان کی نگہداشت کرنے والےارکان سے محروم ہوگئے ہیں ۔ تاہم ، انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے وقتوں میں وہ مزید امداد فراہم کرنے کی مسلسل  کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بچوں کے لئے خاطر خواہ مالی اعانت کا اعلان کرنے میں وزیر اعظم نریندر مودی نے آگے بڑھ کر اپنی قیادت فراہم کی ہے اور وزیر اعظم کا یہ اقدام ہم سب کو اس  بات کی ترغیب دیتا ہے کہ ہم اس بے مثال آفت سے متاثرہ افراد کی مدد کے لئے آگے آئیں اور اپنے وسائل میں ہر ممکن تعاون  پیش کریں یا جو ممکن ہو سکے ، وہ کریں ۔

آج ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے ذریعہ دیا گیا یہ چیک اس رقم کے علاوہ ہے جو انہوں نے پہلے ہی اپنے رکن پارلیمنٹ فنڈ سے 2.5 کروڑ روپےکی رقم اپنے لوک سبھا حلقہ انتخاب کے مختلف اضلاع کووڈ کیئر کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختص کیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ مختص کردہ ایم پی فنڈ میں سے2.1  کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کی کووڈ سے متعلق اشیاء کےحصول اور خریداری کے لئے پہلے ہی کارروائی کی جا چکی ہے۔

دریں اثنا ، ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے ذاتی پہل پر ، گذشتہ ایک ماہ کے دوران مختلف ذرائع سے حاصل کیے گئے کووڈ سے متعلق ساز و سامان کی پانچ کھیپ ، ان  کے حلقہ انتخاب کے تمام چھ اضلاع کے علاوہ جموں کے کچھ دوسرے حصوں اور کشمیر میں  بھی بھیجی گئی ہیں۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ وہ ایک ماہ سے زیادہ عرصے تک کووڈ سے متاثر رہے ہیں اور اسپتال میں داخل ہونے سے قبل انہوں نے ادھم پور ضلع میں 200 کروڑ روپے کی لاگت والی مانسر جھیل منصوبہ کے مقام  کا آخری دورہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا  کہ انہیں اس بات کی بیحد خوشی ہے کہ خدا کی مہربانی سے کووڈ سے صحت یاب ہونے کے بعد ان کا پہلا دورہ دوبارہ ان کے انتخابی حلقےمیں ہی ہوا ہے ، کیونکہ کٹھوعہ ان کے لوک سبھا حلقہ کا نوڈل ضلع ہے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اطمینان کا اظہار کیا کہ گذشتہ سال کے تجربے سے سبق حاصل کرنے کے بعد ، ان کے حلقے کے تمام چھ اضلاع بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے اہل ہوئے ہیں اور وہاں کچھ دیگر اضلاع کے مقابلے وبائی امراض میں کم اضافہ دیکھنے میں آیا  ہے۔ انہوں نے اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے انتظامیہ ، طبی حکام ، پارٹی قیادت اور سول سوسائٹی کے مابین کامل رابطوں کی ستائش کی ۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا حالانکہ ہر ضلع میں آکسیجن کی دستیابی اور مناسب کوویڈ کیئر سنٹر کو یقینی بنائے گئے ہیں ، لیکن کٹھوعہ نے آکسیجن کی اضافی دستیابی کو یقینی بنانے کی سمت میں قبل از وقت تیاریاں کر لی تھی اور ابتدائی دنوں میں آکسیجن پلانٹ میں ایک مختصر وقفے کے دوران بھی سماج اور معاشرے کے اعتماد کو برقرار رکھنے کے لئے پڑوسی اضلاع سے آکسیجن سلنڈروں کے فوری متبادل انتظامات کیے گئے تھے ، تاکہ کسی بھی صورت میں ، کسی کو آکسیجن کی کسی بھی ممکنہ عدم دستیابی کے بارے میں تشویش میں مبتلا نہ ہونا پڑے۔ انہوں نے کمیونٹی رہنماؤں کے تعاون کی بھی ستائش کی۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اس طرح کی وبائی بیماری کے دوران  ہم سبھی کو چاہیے کہ ہم اپنے تمام اختلافات سے، اگر کوئی ہو تو ،بالاتر ہو جائیں اور وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں کورونا کے خلاف جنگ میں اپنی خدمات پیش کریں۔ انہوں نے کہا  کہ برادری کی خدمت کرتے ہوئے اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ، ہمیں یہ بھی خیال رکھنا چاہیے کہ ہم اپنی موجودگی سے انتظامیہ یا صحت کے حکام کے کام میں کسی طرح کی رکاوٹ نہ بنیں۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نےاس بات پر  اطمینان کا اظہار کیا کہ جموں و کشمیر میں حالیہ اضافےکے بعد گذشتہ دو ہفتوں سے وبائی مرض میں مسلسل کمی واقع ہوئی ہے۔

کٹھوعہ کے ڈپٹی کمشنر راہل یادو نے کووڈ مینجمنٹ سے متعلق ایک مختصر پریزنٹیشن پیش کی۔

اس موقع پر انتظامیہ کے سینئر افسران اور عوامی نمائندوں کے علاوہ ڈی ڈی سی چیئرمین ، کرنل مہان سنگھ ، ڈی ڈی سی وائس چیئرمین رگھونندن سنگھ ببلو ، کٹھوعہ میونسپل کارپوریشن کے  چیئرمین نریش شرما ، لکھن پور میونسپل کارپوریشن کے  چیئرمین رویندر شرما ، سابق وزیر راجیو جسروٹیا ، سینئر رہنما پریم ناتھ ڈوگرہ ، جنک بھارتی ، گوپال مہاجن ، رشپال ورما ، ہیرا نگر میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین،ایڈووکیٹ وجے شرما ، سابق ایم ایل اے کلدیپ راج ، راجیش مہتا اور دیگرافراد سمیت اہم رہنما بھی موجود تھے۔

کٹھوعہ پہنچنے کے فورا بعد ، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے سب سے پہلے جن سنگھ کے سینئررہنما ، چودھری چھگر سنگھ کی رہائش گاہ پر گئے ، جن کا حال ہی میں 101 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا تھا اور سوگوار کنبہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More