36 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

شمال مشرقی ریاستوں کی ترقی کے وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جے این یو کیمپس میں شمال مشرقی خطوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کیلئے ہاسٹل کی تعمیر کی پیش رفت کا جائزہ لیا

Urdu News

نئیدہلی، شمال مشرقی ریاستوں کی ترقی کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ،نیز وزیراعظم کے دفتر، عملے، عوامی شکایات، پنشن ، جوہری توانائی اور خلاء کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج یہاں جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کے کیمپس میں شمال مشرقی خطوں کے طلباء کے لئے ہاسٹل کی تعمیر کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر   منعقدہ میٹنگ میں جے این یو کے وائس چانسلر پروفیسر ایم جگدیش کمار اور متعدد متعلقہ محکموں کے نمائندگان بھی موجودتھے۔ بعدازاں ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جے این یو کیمپس میں ہاسٹل کی عمارت کے لئے مختص مقام کا دورہ کیا۔ گزشتہ سال  ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے ہاتھوں اس ہاسٹل کی تعمیر کے لئے سنگِ بنیاد رکھا گیا تھا۔

نارتھ ایسٹرن کونسل (این ای سی)، شمال مشرقی ریاستوں کی ترقی کی وزارت اس ہاسٹل کی تعمیر کے لئے 100فیصد مالی امداد فراہم کر رہی  ہے۔ اس پروجیکٹ کے لئے بجٹ کا تخمینہ تقریباً 28.30 کروڑ روپے ہے۔ اس ہاسٹل میں کُل 224 کمرے ہوں گے، جن میں 424 طلبا کو جگہ فراہم کرائی جا سکے گی۔ 224کمروں میں  سے 24 کمرے دویانگ یعنی معذور طلبا کے لئے مخصوص ہوں گے۔ بقیہ کمروں میں مساوی تعداد  میں طلباء و طالبات مثلاً 200 طلبا ء اور 200 طالبات مقیم ہوں گے۔4 منزلہ اس ہاسٹل کی تعمیر تقریباً  ڈیڑھ ایکڑ زمین میں کی جائے گی۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ شمال مشرقی خطوں کی ترقی وزیراعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت کی اولین ترجیح رہی  ہے۔ انہوں نے دیگر پروجیکٹوں، مثلاً بنگلور یونیورسٹی میں شمال مشرقی خطے کی طالبات کے لئے ہاسٹل کی تعمیر  اورنئی دہلی کے دوارکا میں   شمال مشرقی ثقافتی      اور اطلاعاتی مرکز کے قیام کے بارے میں بھی گفتگو کی۔ انہوں نے کہاکہ شمال مشرقی خطوں کے طلباء کو ملک کے دیگر حصوں میں رہتے ہوئے  متعدد مسائل اور پریشانیوں کا سامنا ہوتاہے۔ لہذا اس طرح کے ہاسٹل کی تعمیر سے ان طلبا کو تعلیم حاصل کرنے میں کافی مدد فراہم ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے دیگر حصوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کو بھی اس ہاسٹل میں قیام کرنے کی سہولت دی جائے گی تاکہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ  تال میل  قائم کر سکیں اور آپس میں دوستی کا ایک رشتہ بنا  سکیں۔ وزیر موصوف نے متعلقہ محکموں سے کہا کہ   وہ اس پروجیکٹ میں تیزی لائیں اور مقررہ وقت میں ہاسٹل کی تعمیر کے کام کو مکمل کریں۔

جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے وائس  چانسلر پروفیسر ایم جگدیش کمار نے کہاکہ جے این یو میں ساڑھے آٹھ ہزار سے زائد طلبا  زیر تعلیم ہیں۔ ان میں سے 10 فیصد طلبا شمال مشرقی ریاستوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے این یو کیمپس میں شمال مشرقی خطوں کے طلباء کے لئے ہاسٹل کی تعمیر کا کام جاری ہے اور اس میں کافی  پیش رفت ہو رہی ہے۔ اس سلسلے میں متعدد محکموں بشمول محکمہ برائے جنگلات اور دلی اَربن آرٹس کمیشن سے کلیئرنس حاصل کی جا چکی  ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ  امیدہے کہ  ایک یا دو مہینے کے اندر ہاسٹل کی تعمیر کا کام شروع ہو جائے گا۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More