32 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

بین الاقوامی برادری کو ایسے ملکوں کو الگ تھلگ کرنے کی مسلسل کوشش کرنی چاہئے جو دہشت گردی کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں:نائب صدرجمہوریہ

Urdu News

نئی دہلی۔۔نائب صدرجمہوریہ ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو نے کہا ہےکہ بین الاقوامی برادری کو ایسے ملکوں کو الگ تھلگ کرنے کی کوششوں کی شروعات کرنی چاہئے جو دہشت گردی کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ وہ آج ہریانہ میں منیسر کے مقام پر نیشنل سیکورٹی گارڈ(این ایس جی) کے 33 ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ حکومت ہریانہ کے وزیر تعلیم جناب رام بلاس شرما، این ایس جی کے ڈائریکٹر جنرل جناب سدھیر پرتاپ سنگھ اور دیگر معزز اشخاص بھی اس موقع پر موجود تھے۔

نائب صدرجمہوریہ نے این ایس جی کے ان 19 بہادر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے جرات اور قربانی کی عظیم ترین روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

نائب صدرجمہوریہ نے کہا کہ این ایس جی خصوصی طور پر تربیت یافتہ، انتہائی باصلاحیت اور لگن سے کام کرنےو الی فورس ہے۔ جس پر بہت سی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں اور پوری قوم اس کی کامیابیوں پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل سیکورٹی گارڈ بہادری ، پیشہ وارانہ جذبے اور انتہائی لگن کے ساتھ مما ثل ہے۔ملک ہمیشہ ہی اس رول کو یاد رکھے گا جو این ایس جی نے اکشر دھام، ممبئی اور پٹھان کوٹ کے حملوں کو ناکام بنانے اور انتہائی پیشہ وارانہ انداز سے کام کرکے خطرےکو ختم کرنے میں ادا کیاتھا۔

نائب صدرجمہوریہ نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دہشت گردی کے واقعات پوری دنیا میں بڑھ گئے ہیں اور ان میں سے کچھ حملے ایسے مقامات پر ہوئے ہیں جہاں اس سے پہلے نہیں ہوئے تھے اور نہ ہی وہاں پر اس طرح کے حملوں کی توقع تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ کو معلوم ہے کہ ہندوستان پچھلے تین عشروں سے دہشت گردی کی لعنت کا مقابلہ کررہا ہے۔ ہم نے ہمیشہ اس طرح کے ملک دشمن عناصر کو بھرپور جواب دیا ہے۔

نائب صدرجمہوریہ نے کہا کہ ہمارے مخالفین کے طریقہ کار میں تبدیلی آئی ہے۔اب خطرات سرحدی علاقوں تک محدود نہیں رہے ہیں بلکہ اندرونی ملک میں بھی یہ خطرات پائے جاتے ہیں۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم کارروائی کرنے کی اپنی صلاحیتوں کا برابر جائزہ لیتے رہیں اور ان میں بہتری لاتے رہیں۔

نائب صدرجمہوریہ نے کہا کہ اچھے دہشت گرد اور خراب دہشت گرد جیسی کوئی چیز نہیں ہوتی۔دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور کسی کو بھی یہ اجازت نہیں ہونی چاہئے کہ وہ نظریات کے نام پر دہشت گردی کی کارروائیوں کے انجام سے بچ کر نکل جائے۔

نائب صدرجمہوریہ نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ بین الاقوامی دہشت گردی کو کچلنے کے بارے میں ایک جامع کنونشن تیار کرے جس کے لئے ہندوستان کی 1996 کی تجویز ابھی تک زیرا لتوا ہے۔

Related posts

Leave a Comment

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More