27 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

’’ہوا کو صاف کرنے کی مہم محض ایک علامتی کارروائی نہیں ہے بلکہ آلودگی کی سطح میں زبردست کمی کی ایک سنجیدہ کوشش ہے‘‘: ماحولیات کے مرکزی وزیر

Urdu News

نئیدہلی، ماحولیات، جنگلات اور آب و ہوا کی تبدیلی کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے آج یہ بات بڑی سختی کے ساتھ دہرائی ہے کہ ہوا کو صاف کرنے دو ہفتہ طویل مہم محض ایک علامتی کارروائی نہیں ہے بلکہ قومی راجدھانی میں آلودگی کی سطح میں زبردست کمی کی ایک سنجیدہ کوشش ہے۔ دہلی میں 10 فروری سے 23 فروری تک چلنے والی ہوا کو صاف کرنے کی مہم کے بارے میں میڈیا کے افراد کو تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بارے میں ایک سخت پیغام جانا چاہیے کہ آلودگی ایک سنجیدہ اقتصادی اور صحت سے متعلق مسئلہ ہے اور اس کا تعلق قومی شبیہ سے بھی ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ آلودگی کی سطح کو کم کرنے کی کوششیں صرف ان دو ہفتوں تک محدود نہیں رہیں گی بلکہ پورے سال مسلسل بنیاد پر جاری رہیں گی۔

مرکز اور دہلی کی حکومت دونوں ملکر دہلی میں 10 فروری سے 23 فروری تک آلودگی پھیلانے والے تمام ذرائع سے نمٹنے کی ایک سنجیدہ کوشش کریں گی۔ یہ قدم اس لئے اٹھایا جارہا ہے کہ حکومت نے اس مسئلے سے مکمل طور پر نمٹنے کا عزم کیا ہوا ہے۔  ماحولیات، جنگلات اور آب و ہوا میں بتدیلی کی وزارت، سی پی سی بی، دلی حکوم، ڈی پی سی سی، میونسپل کارپوریشنوں اور این ڈی ایم سی کے حکام کی 70 مشترکہ ٹیمیں قائم کی گئی ہیں۔ یہ ٹیمیں دہلی کے ہر انتظامیہ ڈویژن کا دورہ کریں گی، آلودگی کی وجوہات کا جائزہ لیں گی اور تلافی کے اقدامات کریں گی جن میں آلودگی پھیلانے والوں پر بروقت جرمانہ کرنے کی کارروائی بھی شامل ہوگی۔

ماحولیات کے وزیر نے کہا کہ ملک میں اعلی ترین سطح پر یہ عہد موجود ہے کہ فضائی آلودگی کے مسئلےپر قابو پایا جائے۔ اس کا اندازہ بجٹ میں دہلی کے پڑوس میں واقع ریاستوں کو پرالی جلانے  کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے خصوصی امداد کی گنجائش سے  ہوتا ہے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ ’’مرحلہ ایسا آگیا ہے کہ جس میں ہم آلودگی کو اور زیادہ برداشت نہیں کرسکتے اور آلودگی پھیلانے والوں کو بالکل بھی برداشت نہ کرنے پر زور دیا جانا چاہیے‘‘۔ انہوں نے ہر ایک سے اپیل کی کہ وہ اس قومی کوشش میں ہاتھ بٹائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فضائی آلودگی میں کمی لانے کو ایک عوامی تحریک کی شکل ملنی چاہیئے اور حکومت اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام کرے گی۔ ڈاکٹر ہرش وردھن نے میڈیا کے افراد پر زور دیا کہ وہ اس مہم کی حمایت کریں اور اس مسئلے سے آگاہی پیدا کرنے کے معاملے میں مدد کریں۔

ڈاکٹر ہرش وردھن نے زور دیکر کہا کہ دہلی میں روزانہ 131 ٹن دھول پیدا ہوتی ہے اور اس کو کنٹرول کرنے سے فضائی آلودگی میں زبردست کمی لائی جاسکتی ہے۔  انہوں نے کہا کہ دہلی این سی آر میں بڑے پیمانے پر تعمیرات کا ہونا دھول میں اضافے اور فضا میں آلودگی کی بڑی وجوہات میں سے ایک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ماحولیات کے تحفظ کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے سلسلے میں ٹیچروں، طلبا اور سول سوسائٹی کے افراد سے ملاقاتیں کررہے ہیں اور اس سلسلے میں حال ہی میں  ایک قومی مہم بھی شروع کی گئی ہے جس کا نام ہے ’گرین گڈ ڈیڈس‘۔

جناب ہرش وردھن نے بتایا کہ کہ فضا کو صاف کرنے کی مہم میں موٹر گاڑیوں کے لئے آلودگی کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کا نفاذ، ڈرائیونگ کا نظم و ضبط اور دہلی میں بجلی گھروں کا معائنہ بھی شامل ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ آلودگی کے ضابطوں پر عمل کیا جارہا ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومت کے علاوہ اس مہم میں دہلی پولیس، تعلیمی اداروں، غیر سرکاری تنظیموں، صنعتوں، بڑے صنعتی اداروں، ریزیڈنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشنوں اور آر اینڈ ڈی اداروں کا تعاون بھی شامل ہوگا۔

سی پی سی بی میں ایک کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جو روز مرہ کی پیش رفت کا جائزہ لے گا۔اس پیش رفت سے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو واقف کرایا جائے گا اور اگر ضروری ہو تو مہم کے درمیان میں کئے جانے والے تلافی کے اقدامات تجویز کئے جائیں گے۔

Related posts

Leave a Comment

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More