39 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

وزیر ِ زراعت شری نریندر سنگھ تومر نے لاک ڈاؤن کے دوران اناج اور جلد خراب ہونے والی اشیاء کی نقل و حمل میں آسانی کے لئے موبائل ایپ ” کسان رَتھ ” کا آغاز کیا

Urdu News

 نئی دلّی: زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر جناب نریندر سنگھ تومر نے آج نئی دلّی کے کرشی بھون میں این آئی سی کے ذریعہ  تیار کردہ  موبائل ایپ کسان رَتھ کا اجراء کیا ۔ یہ ایپ  کسانوں اور تاجروں کو  زرعی اور باغبانی کی پیداوار کی    ابتدائی اور ثانوی نقل و حمل کے لئے  گاڑیوں کی تلاش  میں مدد کرے گی ۔  ابتدائی ٹرانسپورٹ میں  کھیت سے منڈیوں تک  ، ایف پی او کے کلکشن سینٹر تک یا گوداموں تک   کی نقل و حمل شامل ہے  ، جب کہ ثانوی  ٹرانسپورٹیشن میں  منڈیوں سے  بین ریاستی  اور ریاست کے اندر  منڈیوں تک   ،  ڈبہ بندی کے یونٹوں تک  ، ریلوے اسٹیشنوں  ، گوداموں اور  تھوک کاروباریوں تک پہنچانا شامل ہے ۔

          اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے زراعت کے وزیر جناب نریندر سنگھ تومر نے کہا کہ  لاک ڈاؤن کے دوران  زرعی سرگرمیاں  جاری رہنی چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی   کی ہدایت پر  زراعت کے سیکٹر کو  رعایتیں دی گئی ہیں ۔   ایسے میں ، جب کہ فصل کی کٹائی اور بوائی جاری ہے ، کسان رَتھ ایپ کے ذریعے  زرعی اشیاء کی نقل و حمل میں آسانی ہو گی  کیونکہ یہ  کسانوں اور تاجروں کو  زرعی اشیاء کی  کھیت سے منڈیوں تک  اور منڈیوں سے پورے ملک تک پہنچانے میں مدد کرے گی ۔  اس مرحلے میں  ، جب کہ ملک  کووڈ – 19 کی صورت حال سے گزر رہا ہے ، یہ کسان رَتھ ایپ  کسانوں ، ایف پی اوز  اور امدادِ باہمی کے اداروں کے لئے بہت معاون ثابت ہو گی  اور اپنی زرعی پیداوار کو کھیت سے مارکیٹ تک پہنچانے کے لئے ٹرانسپورٹ کی مناسب سہولت  منتخب کرنے میں مدد دے گی ۔

          کسان رَتھ نامی موبائل ایپ  ، کسانوں اور تاجروں کو   کھیتی کی پیداوار  جیسے اناج ( دالیں ، موٹا اناج وغیرہ )  ، پھل اور سبزیاں  ، تلہن  ، مسالحے ، پھول  ، بانس  ، لکڑی اور جنگل کی چھوٹی پیداوار  ، ناریل وغیرہ کو لانے لے جانے کے لئے  ٹرانسپورٹ کا درست ذریعہ منتخب کرنے کے لئے مدد  دے گی ۔ یہ ایپ  تاجروں کو   جلد خراب ہونے والی اشیاء کو  ریفریجریٹر  والی گاڑیوں کےذریعے پہنچانے میں بھی مدد ملے گی ۔

          زرعی پیداوار کی نقل و حمل  سپلائی چین کی بہت اہم اور    ناگزیر  عنصر ہے  ۔  ملک میں موجودہ غیر معمولی صورتِ حال کی وجہ سے  لاک ڈاؤن کے دوران  کسان رَتھ  ، کسانوں ، گوداموں ، ایف پی اوز   ، اے پی ایم سی کی منڈیوں   ، ریاست کے اندر اور بین ریاستی  خریداروں  کے درمیان  بلارکاوٹ سپلائی  کو یقینی بنائے گا اور  وقت پر  خدمات فراہم کرکے   خوراک کی بربادی  کو کم سے کم کرنے میں مدد دے گا ۔ یہ تمام جلد خراب ہونے والی اشیاء کے لئے بہتر قیمت  بھی فراہم کرے گا ۔

          سامان بھیجنے والے ( کسان ، ایف پی او  ، خریدار / تاجر ) اس ایپ پر ٹرانسپورٹ کی  ضرورت  کو  اَپ لوڈ کرتے ہیں ، جو  اِسے  مارکیٹ میں ٹرانسپورٹ فراہم کرنے والوں تک پہنچا دیتی ہے ۔ اس کے نتیجے میں مختلف ٹرک والوں  یا سامان ڈھونے والی گاڑیوں کے مالکان کو    مختلف کوٹیشن موصول ہوتی ہیں اور ضرورت  کے مطابق   کرائے اور   ٹرک   کی تفصیلات سامان بھیجنے والے تک پہنچ جاتی ہیں  ۔ اس کے بعد سامان بھیجنے والا براہِ راست ٹرک والوں سے بات چیت کرکے  معاملات طے کر سکتا ہے ۔ معاملات طے ہونے کے بعد  ایپ استعمال کرنے والے ایپ پر  ٹرک والوں کے لئے فیڈ بیک فراہم کرتے ہیں اور  اس طرح فیڈ بیک کا  یہ ایک نظام تیار ہو جاتا ہے ، جس سے اُن کی خدمات میں بہتری آتی ہے ۔  یہ ایپ  سامان بھیجنے والوں کو مستقبل میں نقل و حمل کی خدمات فراہم کرنے والوں کے انتخاب  میں بھی مدد دے گا ۔

          اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے جناب تومر نے کہا کہ   کسان رَتھ موبائل ایپ   ملک میں  زراعت اور باغبانی  کی پیداوار  کی  ایک منڈی سے دوسری منڈی اور  ایک ریاست سے دوسری ریاست میں تجارت   میں  اضافہ کرنے  میں مدد دے گی  ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ یہ ایپ  ، جس کی ٹیگ لائن ہے ، ” کسان کا اپنا واہن ” ، زرعی پیداوار  کی نقل و حمل میں ایک اہم سنگِ میل ہے ۔

          کسان رَتھ موبائل ایپ کے لانچ کی  ویڈیو کانفرنس کے ذریعے   منعقد تقریب میں  زراعت اور کسانوں کی بہبود کے  وزیر مملکت  جناب پرشوتم روپالا  اور کیلاش چودھری  ، (  اے سی اینڈ ایف ڈبلیو ) کے سکریٹری جناب سنجے اگروال  ، الیکٹرانک اور آئی ٹی کے سکریٹری  جناب اجے پرکاش ساہنی ، این آئی سی  کی ڈائریکٹر  جنرل ڈاکٹر نیتا ورما اور  وزارت کے سینئر عہدیداروں نے شرکت کی ۔

          یہ موبائل ایپ  اینڈرائیڈ ورژن میں ابتدائی طور پر 8 زبانوں میں دستیاب ہے  اور  پورے بھارت میں استعمال کی جا سکتی ہے ۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More