نئی دہلی، جموں و کشمیر بار ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے آج اپنے نومنتخب صدر ایڈوکیٹ بی ایس سلاتھیا کی سربراہی میں شمال مشرقی خطے کی ترقی کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) وزیراعظم کے دفتر میں وزیر مملکت عملے عوامی شکایات پنشن ، ایٹمی توانائی اور خلا کے مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ سے ملاقات کی۔ وفد کے دیگر ممبروں میں بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر سچن گپتا ، جنرل سکریٹری پریم سدوترا ، جوائنٹ سکریٹری ہمانشو شرما اور خرانچی چیتن مسری سمیت نئے عہدیداران شامل تھے۔
ایسوسی ایشن نو منتخب صدر سلاتھیا نے ڈاکٹر جتیندر سنگھ کو یقین دلایا کہ جموں و کشمیر بار ایسوسی ایشن کی پوری ٹیم کشمیر پر ہندوستان کے موقف کی پوری حمایت کرتی ہے اور اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ بار ایسوسی ایشن جلد ہی ریاست بھر میں ایک مہم شروع کرے گی تاکہ اس سلسلے میں عوامی رائے کو ہموار کیا جاسکے اور مختلف حقائق اور تاریخ کے ثبوت کے بارے میں لوگوں کو بیدار کیا جائے گا۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بار ایسوسی ایشن کے نئے عہدیداروں کی ٹیم کو بتایا کہ سبھی قوم پرست قوتوں کے لئے متحد ہونے اور ان چند مٹھی بھر عناصر کے ناپاک ارادوں کو بے نقاب کرنے کا وقت آگیا ہے جو عام آدمی اور عام نوجوانوں کی قیمت پر اپنے ذاتی ایجنڈے کو فروغ دینے کے لئےنام نہاد کشمیر معاملے کا راگ الاپتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وکیل برادری جس کا معاشرے میں رائے قائم کرنے میں ایک اہم رول ہے کی اہم ذمہ داری ہے کہ وہ مدر انڈیا یعنی ہندوستان کے لئے اپنا فرض اور ذمہ داری پوری کرے۔
وزیراعظم نریندر مودی کی زیر قیادت حکومت کے عزم کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ گذشتہ تین سالوں میں ملک بھر میں زبردست ترقی ہوئی ہے اور ملک میں خصوصاً نوجوانوں کے لئے ترقی کی نئی راہیں کھلی ہیں۔ لہذا بار ایسوسی ایشن جیسے خواندہ اور نمائندہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عام آدمی کو اس کی ذمہ داری سے واقف کرائیں اور ہندوستان کی دوسری ریاستوں کی طرح جموں و کشمیر کو پیچھے نہ رہنے دیں۔