36 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

ملک میں برڈ فلو کی صورتحال

Urdu News

نئی دہلی: ہریانہ کے پنچکولہ ضلع میں پولٹری (دو پولٹری فارموں) میں ICAR-NIHSADسے ایوین انفلوئنزا کی تصدیق ہونے کے بعد مدھیہ پردیش کے شیوپوری، راج گڑھ، شاجا پور، آگر، ودیشا، اترپردیش کے زولوجیکل پارک،  کانپور اور راجستھان کے پرتاپ گڑھ اور دوسا اضلاع میں مقام بدلنے والے پرندوں میں برڈ فلو کی تصدیق ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔محکمے نے متاثرہ ریاستوں کو بیماری مزید پھیلنے سے روکنے کے لئے ہدایات جاری کی ہیں۔ اب تک 7 ریاستوں میں اس بیماری کی تصدیق ہوئی ہے۔(کیرلا، راجستھان، مدھیہ پردیش، ہماچل پردیش ،ہریانہ ، گجرات اور اترپردیش)۔

چھتیس گڑھ ریاست سے 8جنوری 2021 کی رات اور 9جنوری 2021 کی صبح میں پرندوں میں غیر معمولی اموات کی اطلاع ملی ہے۔ یہ اموات چھتیس گڑھ سے بالود ضلع میں پولٹری کے مرغ مرغیوں اور جنگلی پرندوں میں ہوئی ہیں، ریاست نے ہنگامی حالات کے لئے RRTٹیمیں تشکیل دی ہیں اور نمونوں کو جانچ کے لئے نامزد لیباریٹری کو بھیجا ہے۔

اس کے علاوہ دہلی کی سنجے لیک میں بھی بطخوں کی غیر معمولی اموات کی خبریں ملی ہیں، نمونوں کو جانچ کے لئے متعلقہ لیباریٹری بھیجا گیا ہے ۔ مہاراشٹر کے ممبئی،تھانے ، داپولی، پربھنی اور بیڑاضلاع سے مردہ کوّؤں کے نمونے NIHSAD کو بھیجے گئے ہیں۔

اس دوران کیرلا کے دونوں متاثرہ اضلاع میں متاثرہ پرندوں کو ٹھکانے لگانے کا عمل مکمل ہوگیا ہے اور کیرلا سرکار کو کارروائی کے بعد نگرانی پروگرام کے رہنما خطوط جاری کئے گئے ہیں۔ مرکزی ٹیمیں کیرلا، ہریانہ اور ہماچل پردیش میں وبا سے متعلق جانچ کرنے کے لئے متعین کی گئی ہیں اور یہ کیرلا پہنچ گئی ہیں۔

ریاستوں اور یوٹی کے چیف سکریٹریز/انتظامیہ کو مکتوب بھیج کر DAHD کے سکریٹری نے مویشی پروری کے ریاستی محکموں سے درخواست کی ہے کہ وہ بیماری کی صورتحال پر نظر رکھنے اور بیماری کے انسانوں تک نہ پہنچنے کے لئے صحت حکام کے ساتھ باقاعدہ رابطہ رکھیں اور ان کے ساتھ تامل میل قائم کریں۔ اس کے علاوہ آبی ذخیروں، زندہ مرغ مرغیوں کی مارکیٹوں، پولٹری فارموں وغیرہ میں نگرانی کو سخت کریں۔ ریاستوں سے یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ برڈ فلو سے متعلق کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لئے تیار رہیں اور پرندوں کو ٹھکانے لگانے کے لئے PPE کٹس اور دیگر مطلوبہ سازوسامان کا خاطر خواہ اسٹاک رکھیں۔ چیف سکریٹریز/انتظامیہ سے درخواست کی گئی ہے کہ مناسب ہدایات جاری کرکے اس بارے میں پھیلی افواہوں کو ختم کرنے کے اقدام کریں ا ور پولٹری اشیاء کے محفوظ ہونے کے بارے میں صارفین میں بیداری پیدا کریں کہ یہ چیزیں ابالنے اور پکانے کے بعد کھانے کے لئے محفوظ ہیں۔ ریاستوں کو DAHD کے تعاون کو بھی یقین دلایا گیا ۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More