33 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

مغربی بنگال میں مزید مالی اصلاحات کے فروغ کے لئے حکومت ہند اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے 300 ملین ڈالر کے قرض دستخط کئے

Urdu News

نئی دہلی؍ مغربی بنگال ریاست میں سرکاری خدمات کی ترسیل کے معیار کو بہتر بنانے کی خاطر مالی اصلاحات کے سلسلے کو جاری رکھنے کی غرض سے آج ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)اور حکومت ہند نے 300 ملین ڈالر (30 کروڑ ڈالر) کے قرض کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔

 دوسرے مغربی بنگال ترقیاتی مالی پروگرام کا مقصد غیر مفید اخراجات میں کمی اور ریوینیو کی وصولی میں مؤثر طریقے سے بچت کے ذریعے سرکاری سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا ہے ۔ یہ پروگرام پہلے مرحلے کے پروجیکٹ سے مربوط ہوگا ، جس میں 400 ملین ڈالر کے پروگرام کا مقصد ریاست میں جامع مالی استحکام پیدا کرنا تھا۔

وزارت خزانہ میں اقتصادی امور کے محکمے کے جوائنٹ سیکریٹری جناب سمیر کمار کھرے نے ، جنہوں نے حکومت ہند کی جانب سے قرض کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں، کہا کہ پروگرام کا مقصد اصلاحات میں مزید اضافہ کرنا ہے، جس میں اخراجات کو معقول بنانے ، ریویینو انتظامیہ میں بہتری اور ریاست میں زیادہ پرائیویٹ سرمایہ کاری میں سہولت پر توجہ مرکوز ہوگی۔

اے ڈی بی کے بھارت کے لئے کنٹری ڈائریکٹر جناب کے نیچی یوکویاما نے ، جنہوں نے اے ڈی بی کی جانب سے دستخط کئے ہیں، کہا کہ نیا پروگرام ریاست میں زیادہ سرکاری سرمایہ کاری کو جاری رکھنے کے لئے ضروری مالی وسعت پیدا کر ے گا، جس سے ریاست کا خزانہ متوازن اور پائیدار راہ پر گامزن ہوگا۔مغربی بنگال حکومت کی طرف سے مالی محکمے کی سیکریٹری جناب پرویز احمد صدیقی نے دستخط کئے۔

اے ڈی بی کے پہلے پروگرام میں سرکاری سرمایہ کاری میں اضافے پر توجہ مرکوز کی گئی تھی، جومالی سال 2012 میں 0.5 فیصد سے بڑھ کر مالی 2016 میں  ریاست کی مجموعی گھریلو پیداوار کے تقریباً 1.3 فیصد تک پہنچ گیا تھا، جبکہ اسی عرصے میں مالی خسارہ 3.4 فیصد سے کم ہو کر 2.2 فیصد رہ گیا تھا۔ یہ نیا پروگرام نہ صرف سرکاری سرمایہ کاری کو ہدف بنائے گا، بلکہ پروجیکٹوں کی تیاری اور ترقی میں تعاون کے لئے بنیادی ڈھانچے کی سہولیات تشکیل کرکے پرائیویٹ سرمایہ کاری میں بھی تعاون کرے گا۔اس میں بہت چھوٹی ، چھوٹی اور اوسط درجے کی صنعتوں کے لئے رجسٹریشن اور لائسنس کے اجراء کے عمل کو آسان بنانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

دو برسوں پر محیط یہ پروگرام وسط مدتی اخراجات کے منصوبے کو حقیقی بجٹ سے منسلک کرکے اصلاحات کو آگے بڑھائے گا اور داخلی آڈٹ نظام اور آئی ایف ایم ایس کو فروغ دے کر اصلاحات کو آگے بڑھائے گا۔پروگرام کے تحت ہونے والی دیگر سرگرمیوں میں ٹیکس نگرانی میں بہتری ، ٹیکس کو مستحکم کرنے اور زمینوں کے انتظامیہ میں اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے نظام کے ذریعے مسلسل نگرانی شامل ہے۔

دوسرے پروگرام کے تحت بجٹ میں ترقیاتی اخراجات میں اضافے کے ساتھ مالی سال 2022 تک ریاست کی مجموعی گھریلو پیداوار میں 2.2 فیصد کا اضافہ ہونے کی امید ہے۔

اس قرض کے ساتھ ہی ریاست میں مالی بندوبست اصلاحات کو نافذ کرنے والے ذمہ دار کلیدی اداروں کو مستحکم کرنے کی خاطر پانچ لاکھ ڈالر کی تکنیکی امداد کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

Related posts

Leave a Comment

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More