27 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

شاستری جی کی مضبوط قیادت نے تاریخ کے دھارے کو تبدیل کردیا: نائب صدر جمہوریہ

Urdu News

نئی دہلی، نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے آج سابق وزیر اعظم جناب لال بہادر شاستری کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ عوامی زندگی میں ان کے ذریعے قائم کردہ غیرمعمولی اخلاقی معیارات لاثانی ہیں۔

معروف پلمونولوجسٹ اور آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رندیپ گلیریا کو اُپ راشٹرپتی نواس میں ممتاز کارکردگی کے لئے لال بہادر شاستری قومی ایوارڈ پیش کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ شاستری جی نے اپنے کاموں کی ذمے داری لی، جو کہ ہماری عوامی زندگی میں انتہائی انوکھی خوبی ہے۔ اس تناظر میں جناب نائیڈو نے عوامی زندگی میں شفافیت اور جواب دہی پر عمل آوری کی ضرورت پر زور دیا۔

اس بات کو یاد کرتے ہوئے کہ ایک تکنیکی ناکامی کے سبب پیش آئے ٹرین حادثے کے بعد اخلاقی بنیادوں پر شاستری جی نے استعفیٰ دے دیا تھا، انھوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کے اس عمل اور ان کے ذریعے اپنا استعفیٰ منظور کئے جانے پر ان کے زور کو آج تک ہماری عوامی زندگی میں ایک سنہرے معیار کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

شاستری جی کو ہمارے عظیم ملک کے لئے غیرمعمولی ویژن رکھنے والا ایک مثالی لیڈر قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ پوری دنیا میں اپنی کفایت شعارانہ طرز زندگی، انکساری اور بے داغ ایمانداری کے لئے جانا جاتا ہے۔

بھارت کے وزیر اعظم کی حیثیت سے اپنی مختصر مدت کار کے دوران شاستری جی نے کچھ انتہائی جرأت مندانہ فیصلے کئے اور دوسرے ممالک کے غذائی اجناس کی درآمد کے مقابلے خود انحصاری کو فروغ دیا۔ 1965 کی جنگ کے دوران اپنے حوصلہ مندانہ فیصلوں کی بدولت انھوں نے اپنی اسٹیٹس مین شپ میں ایک نئی جہت کا اضافہ کیا۔ جناب نائیڈو نے کہا کہ غذائی بحران اور پاکستان کے ساتھ مسلح جنگ  کا یہی تناظر تھا  جن میں شاستری جی نے ’جے جوان جے کسان‘ کا لافانی نعرہ دیا۔ انھوں نے کہا کہ بعد میں اس نعرے میں سابق وزیر اعظم جناب اٹل بہاری واجپئی نے ’جے وگیان‘ اور موجودہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ’جے انوسندھان‘ کو جوڑنے کا کام کیا۔

نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ شاستری جی کی مضبوط قیادت نے تاریخ اور بین الاقوامی برادری کے دھارے کو تبدیل کردیا ، کیونکہ آزادی کے بعد پہلی مرتبہ اس میں نئے بھارت کی جھلکیاں نظر آئیں۔

امتیازی کارکردگی کے لئے باوقار لال بہادر شاستری قومی ایوارڈ حاصل ہونے پر ڈاکٹر رندیپ گلیریا کو مبارک باد دیتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہا کہ بھارت کے عظیم سپوتوں میں سے ایک سپوت کے نام سے منسوب اس باوقار ایوارڈ کے لئے ان سے زیادہ گراں قدر شخصیت کا میں تصور نہیں کرسکتا۔

انھوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں وبا کے تئیں بیداری پیدا کرنے میں ڈاکٹر رندیپ گلیریا کا تابناک کردار نہ صرف ہم سب کو بھروسہ دلاتا ہے، بلکہ ہر اس شخص کو سکون دیتا ہے جنھوں نے ان سے ملاقات کی ہے، انھیں دیکھا ہے یا کووڈ-19 سے متعلق متعدد پہلوؤں کے بارے میں متعدد فورموں پر انھیں بولتے ہوئے سنا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم انھیں جانبازوں پر مشتمل بھارت کی وقف شدہ فوج کے کمانڈر اِن چیف کے طور پر دیکھتے ہیں، جنھوں نے کووڈ-19 کے خلاف بے لوثی کے ساتھ انتھک جنگ کی۔

جناب نائیڈو نے نرسوں، ٹیکنیشینوں، سکیورٹی عملہ، کسانوں اور صفائی ستھرائی کے ملازمین سمیت  ملک بھر کے ڈاکٹروں اور دیگر صف اوّل کے جانبازوں کی وبا کے دوران ان کی بے لوث خدمات کے لئے ستائش کی۔

جناب نائیڈو نے کہا کہ ڈاکٹر رندیپ گلیریا کا اپنے منتخب شعبے میں بہترین کام کے لئے بڑے پیمانے پر احترام کیا جاتا ہے اور انھیں انتہائی مؤثر اور وقف اسپتال منتظم کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔ انھوں نے اپنے فرائض کے تئیں تندہی اور ایمس میں پلمونیری میڈیسن اینڈ سلیپ ڈس آرڈرس کے شعبے کو پروان چڑھانے کے لئے ڈاکٹر گلیریا کی ستائش کی۔

نائب صدر جمہوریہ نے اس ملک کے نوجوانوں کے درمیان جناب لال بہادر شاستری کی وراثت کو پھیلانے کے لئے جناب انل شاستری اور لال بہادر شاستری انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کی عزت افزائی بھی کی۔

لال بہادر شاستری انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے چیئرمین جناب انل شاستری، ایمس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رندیپ گلیریا، لال بہادر شاستری انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے ڈائریکٹر جناب پروین گپتا اور دیگر معززین اس موقع پر موجود تھے۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More