27 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

جلیاں والا باغ قتل عام سے جو درد اور کرب ملا ہے وہ ہر ایک ہندوستانی کے دل میں اب بھی خلش پیدا کرتا ہے: نائب صدر جمہوریہ

Urdu News

نئی دہلی، نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے  آج امرتسر میں جلیاں والا باغ کا دورہ کیا اور انسانی تاریخ کے  خطرناک ترین واقعات میں سے ایک  اور ہندوستان میں برطانوی حکومت کے سیاہ ترین باب جلیاں بالا باغ قتل عام کی 100ویں برسی کے موقع پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب کا انعقاد حکومت ہند کی وزارت ثقافت نے کیا۔

جناب نائیڈو نے میموریل  پر گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے شہیدوں کے تئیں احترام کا اظہار کیا۔ انھو ں نے جلیاں بالا باغ قتل عام کی 100ویں برسی کے موقع پر ایک یادگار سکہ اور ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ نائب صدر جمہوریہ نے میموریل میں نئی جان ڈالنے کے لیے مجوزہ کاموں کی تعریف بھی کی۔

جناب نائیڈو نے ٹوئٹ کیا کہ جلیاں بالا باغ ہم میں سے ہر ایک کو یہ یاد دلاتا ہے کہ ہم نے آزادی کتنی مشکل سے حاصل کی ہے اور یہ ہمارے لیے کس قدر قیمتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ  یہ ان معصوم ہندوستانیوں میں سے ہر ایک کے لیے خاموشی سے آنسو بہانے کا موقع ہے جنھوں نے 1919 میں بیساکھی کے دن اپنی جان گنوائی اور یہ سامراجی مظالم اور خلاف عقل غصے پر غور کرنے کا بھی ایک موقع ہے۔

نائب صدر جمہوریہ نے سوشل میڈیا کے ذریعے کہا کہ اس غیر انسانی قتل عام نے جو دکھ اور کرب دیا ہے وہ 100 سال گزرنے کے بعد آج بھی ہر ایک ہندوستانی کے دل میں خلش پیدا کرتا ہے۔انھوں نے کہا ‘تاریخ صرف واقعات کا سلسلے وار اندراج ہی نہیں ہے یہ  ہمیں دکھاتی ہے کہ  زوال یافتہ ذہن کس حد تک گر سکتے ہیں اور ہمیں ماضی سے سبق حاصل کرنے کی تلقین کرتی ہے۔ یہ ہمیں بتاتی ہے کہ  بدی کی طاقت کا بہت جلد زوال ہوتا ہے۔’

جناب نائیڈو نے اہل وطن سے تاریخ سے سبق حاصل کرنے اور انسانیت کے لیے ایک بہتر مستقبل کی تشکیل کے لیے کام کرنے کی اپیل کی۔ انھوں نے  ہمیشہ رہنے والے امن کو فروغ دینے کے لیے دنیا کے تمام کونوں سے عالمی برادری کے متحد ہونے  اور کرۂ ارض کی پائیدار ترقی کو یقینی بنانا  اسکولوں سے لے کر  عالمی لیڈروں کی سربراہ کانفرنسوں تک  تمام سطحوں پر اور ہمیشہ  نافذ ہونے والا اصول بنائے جانے پر زور دیا۔

انھوں نے کہا کہ ‘امن کے بغیر ترقی کا حصول نہیں ہوسکتا’۔ انھوں نے دنیا کے ممالک سے اپیل کی کہ وہ ایک ایسا نیا اور منصفانہ عالمی نظام تیار کریں جس میں اقتدار اور ذمے داریاں مشترکہ ہوں جس میں دوسروں کی رائے اورخیالات کا احترام کیا جائے اور دولت اور زمین کے وسائل مشترکہ ہوں۔

انھوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں گولیوں کی باڑھ کا سامنا کرنےاور آزادی کااور امن کا جھنڈا اونچا رکھنے  کے ناقابل شکست انسانی جذبے کی یاد دلاتا ہے ۔ یہ ہمیں اس بات کی بھی یاد دلاتا ہے کہ ہماری آزادی کتنی مشکل سے حاصل ہوئی ہے اور کس قدر قیمتی ہے۔ آج   ان معصوم ہندوستانیوں میں سے ہر ایک کے لیے خاموشی سے آنسو بہانے کا موقع ہے جنھوں نے 1919 میں بیساکھی کے دن اپنی جان گنوائی۔

جناب نائیڈو نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ دن ہمیں مظالم اور ظلم سے پاک دنیا ، دوستی، امن اور ترقی والی دنیا، ایک ایسی دنیا کی تشکیل کی کوشش کرنے کی ترغیب دیتا ہے جہاں تمام ملک دہشت اور تشدد کے غیر انسانی طاقتوں کو شکست دینے کے لیے متحد ہیں۔

انھوں نے کہا کہ یہ ہندوستان کے صدیوں پرانے وسودھیو کٹنب کم کے اصول کے تئیں عہد بندی کے پھر سے اقررار کرنے کا دن ہے۔

نائب صدر جمہوریہ نے جلیاں والا باغ امرتسر میں حکومت ہند کی اطلاعات ونشریات کی وزارت کے ریجنل آؤٹ ریچ بیورو ، بیورو آف آؤٹ ریچ آف کمیونی کیشن کے ذریعے لگائی گئی ایک فوٹو نمائش کو بھی دیکھا۔ اس نمائش میں جلیاں والا باغ کے واقعے کے سلسلے میں 45 پینل لگائے گئے جن میں اس وقت کے اخبارات کی خبروں کے تراشے، مہاتما گاندھی ، رویندر ناتھ ٹیگور اور دیگر ممتاز لیڈروں کے خطوط شامل ہیں۔ اس نمائش میں جنگ آزادی  کے اہم واقعات کی جھلک بھی پیش کی گئی۔

اس موقع پر پنجاب کے گورنر جناب وی پی سنگھ بڈنور، حکومت ہند کی وزارت ثقافت کے سکریٹری جناب ارون گوئل اور مرکزی اور ریاستی حکومت کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More