31 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

بچاؤ اور ریلیف کارروائیوں کے ذریعے کیرالہ کو ضروری خوراک اور دواؤں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے

Urdu News

نئی دہلی: قومی بحرانوں کے سلسلے میں انتظام کرنے والی کمیٹی ( این سی ایم سی) نے  پانچ دن میں آج پانچویں بار میٹنگ کی، جس کا مقصد  کیرالہ کے  سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ  اور امدادی کاررائیوں کا جائزہ لینا تھا۔ کابینہ سکریٹری  جناب پی کے سنہا نے میٹنگ کی صدارت کی۔ کیرالہ کے چیف سکریٹری  نے  ویڈیوکانفرنسنگ کے ذریعے اس میٹنگ میں شرکت کی۔ انہوں نے  مطلع کیا کہ  بارش اب کم ہوئی ہے اور پانی اترنا شروع ہوگیا ہے۔

صارفین  کے امور کے محکمے نے آج  100 میٹرک ٹن  دالیں روانہ کی ہیں۔ وزارت صحت نے  ہنگامی  دواؤں کی  52  میٹرک ٹن مقدار ہوائی جہاز کے ذریعے بھیجی ہے۔ مزید  20 میٹرک ٹن دوائیں آج رات تک کیرالہ پہنچ جائیں گی۔ 20 میٹرک ٹن کی مقدار میں بلیچنگ پاؤڈر اور  ایک کروڑ  کلورین کی ٹکیاں کل روانہ کی جائیں گی۔ 12 میڈیکل ٹیموں کو بھی تیار رکھا گیا ہے۔ اب تک  کسی  بیماری کے پھیلنے کی کوئی اطلا نہیں ملی ہے۔

بجلی کی وزارت نے  بجلی کا سامان  مثلاً بجلی کے میٹر ، تار  اور ٹرانسفارمر وغیرہ وہاں پہنچادیئے ہیں تاکہ  بجلی کی ترسیل کو بحال کیا جاسکے۔  بجلی کی تیاری  دو ہزار 600 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے اور اس سلسلے میں کوئی پریشانی محسوس نہیں کی جارہی ہے۔

ٹیلی کام کے محکمے نے  77 ہزار  ٹاوروں کو چالو کردیا ہے۔ ریاست میں ٹاوروں کی کل تعداد 85 ہزار ہے۔ ایک ہزار 407 ٹیلی فون ایکسچنجوں میں سے  13 کو چھوڑ کر باقی کو چالو کردیا گیا ہے۔ محکمہ ڈاک اور تار نے  ایک  ہیلپ لائن شروع کی ہے جس کا مقصد گم شدہ لوگوں کی تلاش میں مدد دینا ہے۔ اس ہیلپ لائن کا نمبر ہے : 1948۔

پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت نے  12 ہزار کلو لیٹر مٹی کا تیل فراہم کیا ہے۔ ایل پی جی سلینڈروں کی تقسیم کے لئے  مناسب انتظامات کردئے گئے ہیں۔ مناسب مقدار میں ہوابازی کا ایندھن بھی دستیاب کرادیا گیا ہے۔

جہاں تک مویشیوں کے چارے کا تعلق ہے، 450 میٹرک ٹن چارہ  روانہ کردیا گیا ہے۔ مویشیوں کے لئے  کافی تعداد میں دوائیں بھی  روانہ کی گئی ہیں۔

ریلوے کے محکمے نے  مطلوب مقدار میں پانی اور  ریلیف کا سامان  مفت  پہنچانے کی پیش کش کی ہے۔ مویشی پروری  اور ڈیری کے محکمے کی طرف سے کافی مقدار میں  دودھ اور دودھ کا پاؤڈر سپلائی کردیا گیا ہے۔

این سی ایم سی کی میٹنگ میں مرکزی وزارتوں کے سکریٹریوں نے شرکت کی، جن میں  صحت ، ٹیلی کام ، صارفین کے امور ،  خوراک اور سرکاری نظام تقسیم ، پیٹرولیم  اور قدرتی گیس  اور بجلی کی وزارتیں نیز  دفاعی افواج ، وزارت داخلہ اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی  (این ڈی ایم اے) کے سینئر افسران شامل تھے۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More